ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا؟

ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا؟
ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل
آپ کا ستارہ ان دنوں مشکلات کا شکار ہے ۔کافی دنوں سے جس بھی کام میں ہاتھ ڈالتے ہیں اس میں واضح ناکامی ملتی ہے اور روز گار کا سلسلہ بھی کسی جانب سے ٹھیک ہونے کا نام نہیں لے رہا۔ جو لوگ روحانی طور پر خود کو مضبوط کریں گے نماز کی پابندی رکھیں گے اور حقوق العباد کا معاملا ٹھیک کریں گے وہ جلد اس سے نکلنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ہو سکے تو راشن کی صورت میں صدقہ دیں۔

برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی
وراثتی و پراپرٹی وغیرہ کے امور میں مشکلات کا سامنا ہے، بہت سے اپنے حق سے محروم ہو رہے ہیں۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو آپ ڈپریشن کا شکار ہو سکتے ہیں۔ جب کہ ستارہ بتا رہا ہے کہ پریشان ہونے کی ہرگز ضرورت نہیں ہے جو آپ کا حق ہے وہ آپ کو مل کر رہے گا ،بس کچھ وقت درکار ہے ۔اتنے عرصے میں آپ کو جو بھی آفر ملے یا کوئی کام ملے اس کو پکڑ لیں۔ ان شاءاللہ وقت سکون سے گزر جائے گا۔

برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون
خاندانی معاملات میں اختلافات اب شدت اختیار کرتے جا رہے ہیں آپ کو خود کو ان سے دور رکھنے کا مشورہ ہے ورنہ بلا وجہ اپنے گلے پڑ جائیں گی۔ آپ ویسے بھی کئی معاملات میں بڑے بدنام ہو گئے ہیں،اب اپنی عزت کو بچانا ہوگا اور خود الگ ہو کر چلیں، ان دنوں صرف اپنے روز گار پر جس قدر ممکن ہو توجہ دیں، آپ کے لئے بہتر ہے کیونکہ اب اس میں بڑا ہی اچھا سلسلہ بن جانے کی امید ہے۔

برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی
ملازمت پیشہ افراد کے تبادلے کا امکان ہے اور جو لوگ اپنی اولاد کے حوالے سے کچھ فیصلہ لینے سے ڈر رہے تھے اب ان کا مسئلہ حل ہوتا محسوس ہو رہا ہے اور جو لوگ تبدیلی کے خواہشمند تھے وہ اپنی خواہش پوری کر سکتے ہیں۔اس وقت مالی حوالے سے معاملات تبدیلی سے ہی ٹھیک ہوں گے اور ہو سکے تو جلد اس کے لئے قدم اٹھائیں۔ اب کاروباری حضرات کے لئے بھی یہ ہفتہ خوشی کا پیغام لے کر آ رہا ہے۔

برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست
اس وقت مالی طور پر سخت پریشانی ہے۔ آپ پہلے کافی دنوں سے جس کوشش میں تھے ان میں بھی کامیابی نہیں مل رہی۔ اس لئے اب راستہ تبدیل کرنا ہوگا اور اس کے لئے یہ وقت مناسب ہے ،اللہ کا نام لے کر قدم اٹھائیں اور اگر اب بھی گھبرا رہے ہیں تو پھر استخارے سے مدد لے لیں اس میں ٹھیک راستے کا تعین ہو سکے گا اور جو لوگ کسی کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں وہ بھی بسم اللہ کر لیں تو بہتر ہے۔

برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر
آپ کے لئے کافی عرصے سے بندش والا سلسلہ چل رہا ہے۔ آپ کی بہت سی چیزیں جیسے بلاک ہوں۔ اس وقت ان کو کھولنے کی اشد ضرورت ہے۔ آپ نے اپنے گھر میں داخل ہوتے وقت اونچی آواز میں سلام کر کے ایک مرتبہ درود شریف اوّل و آخر اور درمیان میں سورة اخلاص پڑھنی ہے۔ اس عمل کو چند دن جاری رکھیں اس سے بندش تو ٹوٹے گی رزق اور کئی معاملات میں ان شاءاللہ آسانیاں ہوں گی فکر نہ کریں۔

برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر
آپ وہم کا شکار ہیں جب تک اس کو اپنے دل سے نہیں نکالیں گے آگے بڑھنے میں آسانی نہیں ہو گی۔ ایک بات یاد رکھیں کہ جو بھی ہونا ہے وہ صرف اللہ کی رضا سے ہونا ہے آپ کو کوئی نقصان دے ہی نہیں سکتا جب تک اللہ نا چاہے تو پھر کس بات پر ڈرنا،اللہ پر بھروسہ رکھیں سب ٹھیک ہے، آپ بسم اللہ کر کے اپنے مقاصد کی طرف قدم اٹھائیں کامیابی ضرور ملے گی ا ور خاص طور پر مالی پریشانی کم ہو گی۔

برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر
جو لوگ کسی بھی اپنے کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں وہ ایسا نہ کریں تو بہتر ہے رشتہ خراب ہوگا اور اللہ کا نام لے کر اکیلے کام کریں اسی میں برکت مل جائے گی، ویسے بھی مال خانہ کسی وقت بھی کھل سکتا ہے اس لئے پیسوں کی آمد کا سلسلہ جلد شروع ہونے والا ہے آپ کی ضرورتیں ان شاءاللہ ضرور پوری ہوں گی۔ یہ ہفتہ ان لوگوں کے لئے بھی خوشی کا پیغام لے کر آیا ہے جو رشتے وغیرہ کی بندش میں تھے۔

برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر
آپ کو جو بھی آفر ملے اس پر غور ضرور کریں اور کوشش کریں کہ اب اپنی لاپروائی دور کر کے صرف روزگار پر توجہ دی جائے۔ اس وقت کا اٹھایا ہوا قدم آپ کے لئے بڑا ہی با برکت ہوگا۔ آپ جس طرف امید لگائے بیٹھے ہیں اس سے کچھ حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے اور جو لوگ عرصہ دراز سے ناراض ہیں وہ اب خود صلح کے لئے راضی ہوں گے ممکن ہے کہ نیا رشتہ بھی قائم ہو سکے۔

برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری
آپ پریشان نہ ہوں آپ جس مسئلے کو لے کر پریشان تھے اس کے اسباب بن جائیں گے اور آپ کو آگے بڑھنے کا موقع مل سکے گا آپ کے لئے روز گار کے حوالے سے بھی خوشخبری ہے اور اولاد کے حوالے سے بھی ،جو لوگ سفر کا ارادہ رکھتے ہیں یا موجودہ جگہ سے تبدیلی کے خواہشمند ہیں ان کے لئے بھی راستے کھل گئے ہیں بسم اللہ کر کے وہ اب پیش قدمی کریں ان شاءاللہ ان کو ہر قدم پر کامیابی ملنا شروع ہو گی۔

برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری
ایک اہم معاملے میں کامیابی مل سکتی ہے آپ کو جو کام مشکل لگ رہا تھا وہ اب آسان ہوگا اور دوبارہ سے ان شاءاللہ اچھا وقت لوٹ کر آئے گا۔ اس وقت ان لوگوں سے دور رہنے کی ضرورت ہے جن لوگوں نے ماضی میں آپ کو سخت نقصان دیا تھا اور اب وہ دوبارہ قریب ہونے کی کوشش میں ہیں،آپ کی ذرا سی غلطی ان کو پھر وار کرنے کا موقع فراہم کر دے گی اس لئے عقل سے کام لیں۔

برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ
اللہ نے چاہا تو جو بھی پریشانیاں اور مشکلات تنگ کر رہی ہیں وہ اب تیزی سے ختم ہونا شروع ہو جائیں گی۔ عرصہ ہوا جس بھی کام میں ہاتھ ڈالتے تھے اس میں ناکامی ملتی رہی ہے۔ اب بحکم اللہ صورتِ حال بدل رہی ہے، آپ ہر طرح کی نحوست بندش و بدنظری جیسی صورتِ حال سے نکلنے میں کامیاب ہو رہے ہیں اور جلد ہی اپنی منزل کی طرف پیش قدمی شروع ہو جائے گی۔ بس اپنی نیت صاف رکھیں۔