ماموں کا چھوٹا بیٹا ہر وقت آس پاس منڈلاتا رہتا،میں نے اسے بھارتی فلم کا انتہائی بیہودہ گانا یاد کروادیا، اب اصرار پر بھی اس کے ہونٹوں سے یہ نغمہ نہیں پھوٹتا 

ماموں کا چھوٹا بیٹا ہر وقت آس پاس منڈلاتا رہتا،میں نے اسے بھارتی فلم کا ...
ماموں کا چھوٹا بیٹا ہر وقت آس پاس منڈلاتا رہتا،میں نے اسے بھارتی فلم کا انتہائی بیہودہ گانا یاد کروادیا، اب اصرار پر بھی اس کے ہونٹوں سے یہ نغمہ نہیں پھوٹتا 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مصنف:محمد سعید جاوید
قسط:249
چھوٹے فنکاروں کے حوالے سے ایک اور نام جو میرے ذہن میں آتا ہے وہ میرے فورٹ عباس میں رہنے والے ماموں عبدالحق کے چھوٹے بیٹے طاہر کا ہے، ابھی وہ بڑا کمسن ہی تھا جب اس سے میری پکی دوستی ہو گئی تھی۔ اس وقت وہ بڑا ہی پیارا اور معصوم سا بچہ تھا،جو ظاہر ہے کہ اب نہیں رہاہے۔وہ ہر وقت میرے آس پاس ہی منڈلاتا رہتاتھا اور میری ہر بات پر پوری دیانتداری سے ایمان لے آتا تھا، شائید اس لیے بھی کہ میں مکہ مدینہ سے  ہو آیا تھا۔ اس کی اسی سادگی اور بھولپن سے فائدہ اٹھا کر میں نے موسیقی کا استاد بن کر اسے ایک ہندوستانی فلم کا انتہائی بیہودہ اورفضول سا گانا یاد کروادیا تھا اور قسم لے لیں جو اس وقت اسے اس کا ایک لفظ بھی سمجھ آتا ہو، تاہم کسی کی ذرا سی بھی فرمائش پر وہ ہاتھ ایک طرف کو کر کے اپنا فرضی ہارمونیم بجاتا،پیشہ ورگائیکوں کی طرح کھنگار کر گلاصاف کرتا اور پھر لہک لہک کر گاناشروع کر دیتا ”میں عقل کا کولہو ہوں، گھونچوہوں،الو ہوں، الو کا پٹھا ہوں“وہ یہ گانا بہت دل لگا کر اور مسلسل اس وقت تک گاتا رہتا تھا جب تک کہ کوئی بڑا اس کو خاموش ہونے کا نہ کہہ دیتا تھا۔ پھر غالباً جب وہ تھوڑا سمجھدار ہوا ہوگا تو اسے کھلم کھلا اپنے اس اعتراف جرم کا مطلب بھی سمجھ میں آگیا ہو گا۔یہی وجہ ہے کہ فرمائش پرتو کجا، اب تو اصرار پر بھی اس کے ہونٹوں سے یہ نغمہ نہیں پھوٹتا، موسیقی کے مسئلے پر کچھ ایسی چپ سی لگ گئی ہے اسے۔
اب وہ بہت ہی عقلمند ہے، اسکا مطالعہ بڑا وسیع ہے اور ہر قسم کی بحث میں بڑے بڑوں کے کان کاٹتا ہے لیکن اخلاق کا دامن ہاتھ سے نہیں جانے دیتا۔ دور جدید کے تمام برقیاتی آلات پورے اعتماد اور تسلسل سے استعمال کرتا ہے اور ان کے ذریعے سارے عزیزوں اور دوستوں کو اپنی روز مرہ کی نقل و حرکت سے آگاہ رکھتا ہے،حتیٰ کہ کسی بُرے دن وہ بیت الخلاء میں اپنے آپ پر گزر جانے والی قیامت اور پھر اس سے افاقے کا ذکر بھی بلا جھجھک فیس بک پر کر دیتا ہے۔ بس یونہی کبھی کبھی میرے دل میں خیال آتا ہے کہ اگر یہ ذہین بچہ اپنی تعلیم کو کچھ اور آگے بڑھا لیتا تو ہم جیسے خود ساختہ سیانے تو بے روزگار ہو جاتے۔ 
بڑا ہونے کے بعد وہ مختلف کاروباری سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے جس میں اس کا ایک بڑا ڈیری فارم ہے اور کچھ جائیداد کی خرید و فروخت کا کام بھی کرتا رہتا ہے۔
اِک ذرا ٹھہر
اپنی پہلی چھٹی کے دوران ایک اور عظیم کام جو میں نے کیا وہ اپنی انا کی تسکین بھی تھی اور باپ دادا کی روایت کو زندہ رکھنے کی ایک ادنیٰ سی کوشش بھی۔ سعودی عرب سے جاتے ہوئے 14 انچ کا ایک کالا چٹا بیٹری والا ٹی وی گاؤں لے گیا، کیونکہ ابھی وہاں بجلی نہیں آئی تھی۔ سنا تھا کہ وہاں کبھی کبھار پی ٹی وی کے بھولے بھٹکے اور تھکے ہارے سگنل آجاتے تھے خاص طور پر جب بادل وغیرہ ہوں۔ دوسرا، تصویر چاہے نہ آئے، آواز ضرور آتی رہتی جس کو سن کر دیکھنے والے پورا ڈرامہ فرض کر لیا کرتے تھے۔ آس پاس کے علاقے میں سب سے لمبے جو دو بانس میسر تھے، وہ حاصل کیے گئے ان کو آپس میں مضبوطی سے باندھ کر اور اس پر انٹینا لگا کر چھت پر باندھ دیا گیا جو آسمانوں کو چھونے لگا تھا۔ ایک درمیانی عمر کے بچے کی مستقل ڈیوٹی چھت پر لگا دی گئی،جہاں وہ لنگور کی طرح منڈیر پر چڑھ کر بیٹھا جسم کھجاتا رہتا، دوسرے کو باہر صحن میں کھڑا کر دیا جاتا تھا تاکہ سب کا آپس میں صوتی اور بصری رابطہ قائم ہو جائے۔ میں کمرے میں بیٹھا باہر والے کو صو رت حال بتاتا اور انٹینا کو دائیں بائیں یا اوپر نیچے گھمانے کا کہتا، باہر والا چیخ چیخ کر یہی پیغام اوپر پہنچا دیتا۔ آخر ایک آدھ گھنٹے کی مسلسل کوشش کے بعد ایک مقام ایسا بھی آ جاتا تھا جب ٹی وی میں کچھ ہلچل مچتی اور کچھ روحیں سی نظر آنے لگتیں جوکبھی کبھار انسانی روپ بھی دھار لیتی تھیں۔ خوشیوں کی ایک لہر ہر سو دوڑ جاتی اور ہر طرف ایک شور و غوغا مچ جاتا کہ سٹیشن پکڑا گیا۔ دن بھر انٹینا پر کبوتر بیٹھے دھوپ سینکتے رہتے جس سے بلاناغہ انٹینا ہل جاتا تھا، لہٰذا ہر شام کو نئے سرے سے یہ عمل دہرانا پڑتا، سب پچھلے غم بھول کر ایک بار پھر پورے جوش و خروش سے یہ کام شروع کر دیتے۔ ابا جان دور بیٹھے یہ تماشہ دیکھ کر مسکراتے رہتے، اور آخر میں کہتے ”چھوڑو یار یہ کام تم لوگوں کے بس کا نہیں۔“ ٹی وی دیکھنے کا مزہ تو ذرا بھی نہیں آیا لیکن آس پاس کے 10 گاؤں میں سب کو پتہ لگ گیا کہ ہمارے ہاں ایک ایسا ریڈیو آگیا ہے جس میں گانے والے کی تصویر بھی آتی ہے اور یہی ہمارا مطمع نظر تھا۔  (جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب ”بُک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوط ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مزید :

ادب وثقافت -