مارکیٹ کمیٹیاںعام آدمی کو سہولت فراہم کرنے میں ناکام ہیں: صوبائی وزیر زراعت

مارکیٹ کمیٹیاںعام آدمی کو سہولت فراہم کرنے میں ناکام ہیں: صوبائی وزیر زراعت

  

لاہور( کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ مارکیٹ کمیٹیوں کا موجودہ نظام عام آدمی کو سہولت فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ اس نظام میں بنیادی تبدیلیاں کر رہے ہیں تاکہ کاشتکاراور صارفین دونوں کے مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹیوں کے نظام میںطلب و رسد اور پیداوار کے بنیادی اصولوں کی روشنی میں اصلاحات کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا کہ حکومت پنجاب منڈیوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق آراستہ کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ماہرین اور تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے قابل عمل اور دیر پانظام متعارف کروائیں گے۔ ان خیالات کا اظہارصوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاویدنے مارکیٹ کمیٹیوں کے نظام میں اصلاحات بارے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت علی طاہر، سپیشل سیکرٹری زراعت(مارکیٹنگ)ڈاکٹر محمد صالح طاہر، ڈاکٹر دل محمد، سلمان غنی اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب میں ڈاکٹر فرخ جاویدکا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں قائم منڈیوں اور مارکیٹ کمیٹیوں کے نظام میں موجود خرابیوں کے باعث کاشتکاروں اور صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبے بھر کی منڈیوں میں ایسا نظام وضع کرناچاہتی ہے جو بیک وقت صارفین اور کاشتکار دونوں کیلئے موذوں ہو اور اشیائے خوردونوش کی قیمتیوں اور کوالٹی کو بہتر انداز میں مانیٹر کیا جا سکے۔

وزیر زراعت نے امید کا اظہار کیا کہ آنے والے چند دنوں میں مشاورت کا عمل مکمل کر کے مارکیٹ کمیٹیوں کیلئے نیا نظام متعارف کروا دیا جائے گا۔

مزید :

کامرس -