آسٹریلین کمپنیاں ہلال فوڈ مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں‘نائلہ چوہان

آسٹریلین کمپنیاں ہلال فوڈ مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں‘نائلہ چوہان

  

لاہور( کامرس رپورٹر)آسٹریلیا کیلئے نامزد پاکستانی ہائی کمشنر مسز نائلہ چوہان نے کہا ہے کہ بعض آسٹریلین کمپنیاں پاکستانی ہلال فوڈ مارکیٹ میں سرمایہ کاری اور پاکستان کے ذریعے مڈل ایسٹ کی مارکیٹ تک رسائی کی خواہاں ہیں۔پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے دورے کے موقع پر بورڈ کے حکام سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کمپنیوں کی آمد اورسرمایہ کاری سے نہ صرف دونوں ممالک کو فائدہ پہنچے گا بلکہ پاکستان ہلال فوڈ پراسیسنگ کے حوالے سے مزید ممالک کو سرمایہ کاری کیلئے راغب کرسکے گا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر انوسٹمنٹ بورڈ پنجاب الیاس غوری نے اس موقع پر مسز نائلہ چوہان کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ انوسٹمنٹ بورڈ پنجاب میں ملکی و غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ایک فعال کردار ادا کررہاہے۔ انہوں نے آسٹریلیا کیلئے نامزد پاکستانی ہائی کمشنر کو یقین دلایا کہ پاکستان میں ہونے والی ہلال فوڈز کی نمائش کے حوالے سے انہیں بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔مسز نائلہ چوہان نے کہا کہ وہ آسٹریلیا میں پاکستان کا امیج بہتر بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے کام کریں گی۔ اس موقع پر سیالکوٹ چیمبرز آف کامرس کے نمائندوں نے مسز نائلہ چوہان کو کھیلوں کے سامان اور سرجری کے آلات کی آسٹریلیا ایکسپورٹ کے امکانات کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔

مزید :

کامرس -