پاکستان میں غیر آئینی طریقے سے حکومت کے خاتمے کی کوشش نہیں ہونی چاہیے، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ
واشنگٹن(آئی این پی)امریکہ نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ نوازشریف پاکستان کے وزیراعظم ہیں جن کے ساتھ کام کرتے رہیں گے، غیر آئینی طریقے سے حکومت کے خاتمے کی کوشش نہیں ہونی چاہیے‘امریکہ پاکستان میں سیاسی جماعتوں کے درمیان ہونے والے مذاکراتی عمل میں شریک نہیں، پاکستان میں موجودہ صورتحال کاجائزہ لے رہے ہیں‘ پاکستان کے اندرونی معاملات میں ہماری کوئی مداخلت نہیں۔ جمعہ کو امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان میری ہارف نے پاکستان کی کشیدہ سیاسی صورتحال بارے مسلسل تیسرے روز پالیسی بیان میں کہاکہ نواز شریف پاکستان کے وزیراعظم ہیں، امریکہ ان کے ساتھ کام کرتا رہے گا۔انہوں نے کہاکہ مسئلے کے حل کے لیے پرامن مذاکرات ہونے چاہییں، تاہم غیر آئینی طریقے سے حکومت کے خاتمے کی کوشش نہیں ہونی چاہیے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان میں سیاسی جماعتوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں شریک نہیں،تاہم پاکستان میں موجودہ صورتحال کاجائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی سفیر رچرڈ اولسن پاکستان میں مختلف حکام سے ملاقاتیں کرتے رہتے ہیں، ان کی ملاقاتوں میں یقینا اس معاملے پر بھی بات ہوئی ہوگی۔