سیاسی جھگڑوں اور سڑکوں پر ناچ گانوں سے ملک کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے ، حافظ سعید
لاہور( سٹاف رپورٹر)امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں کے جھگڑوں اور سڑکوں پر ناچ گانوں سے پاکستان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔حکمران ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے اللہ تعالیٰ سے کئے عہدپورے کریں ۔ سودی نظام ختم اور اسلامی شریعت نافذ کی جائے۔ مسلمانوں کے باہمی لڑائی جھگڑے اور فتنہ و فساد اللہ کی پکڑ کا نتیجہ ہیں۔ بے حیائی اور فحاشی و عریانی پھیلنے سے نوجوان نسل برباد ہو رہی ہے‘اسے فی الفور ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران انہوںنے کہاکہ امت مسلمہ اس وقت جن مصائب اور مشکلات سے دوچار ہے اس کا سب سے بڑا سبب اللہ تعالیٰ کے احکامات کی نافرمانی ہے۔ پاکستان بھی ان دنوں جن مسائل میں الجھا ہوا ہے اس کی بڑی وجہ بھی قیام پاکستان کے وقت اللہ سے کئے گئے وعدوں کو پورا نہ کرنا ہے۔ پاکستان بناتے وقت لاکھوں مسلمانوںنے قربانیاں اس مقصد کیلئے دی تھیں کہ ہم انگریز سے آزادی اور ہندو سے علیحدگی اختیار کر کے یہاں اسلامی نظام نافذ کریں گے مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ جب نعمت کے طور پر مسلمانوںکو یہ الگ خطہ مل گیا تو اللہ تعالیٰ سے کئے گئے عہد توڑ دیے گئے جس کی سزا پاکستان کو مشرقی پاکستان کی علیحدگی کی صورت میں پاکستان کو بھگتنا پڑی۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں سیاسی پارٹیوں کے جھگڑے ختم ہونے کا نام نہیں لے رہے۔ پہلے بازاروں، سڑکوں اور مساجدومدارس میں خودکش حملوں سے خون بہایاجارہا تھا جبکہ اس وقت یہ ملک نئے بحرانوں کا شکار ہے۔ہم سمجھتے ہیں کہ یہ سب کچھ اللہ کی ناراضگی کی مختلف شکلیں ہیں۔انہوںنے کہاکہ امت مسلمہ اسلام دشمن قوتوں کے مقابلہ کیلئے سیسہ پلائی دیوار بن کرکھڑی ہو جائے۔ عوام کا ہر طبقہ ملک و ملت کے دفاع کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ اغیار کی غلامی سے نکلے بغیر خطوں وملکوں کاتحفظ ممکن نہیں ہے۔
حافظ سعید