ن لیگ پیر کو قرطبہ چوک سے اسمبلی چوک تک وزیر اعظم کے حق میں ریلی نکالے گی

ن لیگ پیر کو قرطبہ چوک سے اسمبلی چوک تک وزیر اعظم کے حق میں ریلی نکالے گی

  

لاہور(جاوید اقبال ) حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) نے بھی ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال کے پیش نظر وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی اور طاقت کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت 25اگست بروز پیر کو قرطبہ چوک مزنگ سے اسمبلی ہال چوک تک ایک ریلی نکالی جائے گی اور پھر اسمبلی ہال چوک میں ایک بڑا جلسہ عام منعقد کیا جائے گا جس سے وزیراعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف یا پھر ان کے صاحبزادے رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز شریف خطاب کریں گے مسلم لیگ (ن) لاہور کے تمام ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو اپنے ساتھ پانچ پانچ ہزار کارکنوں کو ساتھ لانے کی ہدائت کی گئی ہے ۔اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنان بھی اپنے وزیراعظم کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں اس لئے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ایک ریلی نکالی جائے گی اور پھر ایک جلسہ بھی منعقد کیا جائے گا اور اس میں لاہور شہر کے ہزاروں کارکنان شرکت کرکے بتائیں گے کہ جیسے پہلے وزیراعظم کو عوام کی بھرپور حمائت حاصل تھی اب بھی ہے اور رہے گی وزیراعظم کو لاکھوں نہیں بلکہ کروڑں لوگوں نے اپنے ووٹ کی طاقت سے وزیراعظم منتخب کیا ہے وہ چند لوگوں کے کہنے پر استعفی کیوں دیں ان پر قومی اسمبلی میں بھی حکومتی ارکان کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کے بھی تمام ارکان نے ایک بار پھر متفقہ قرار داد منظور کرکے اعتماد کا اظہار کیا ہے

مزید :

صفحہ آخر -