امریکی ویزوں کیلئے نیا آن لائن نظام کل سے کام شروع کرےگا
اسلام آباد (ویب ڈیسک) امریکی سفارتخانے اورکراچی قونصلیٹ میں 24 اگست سے نان امیگرینٹ ویزا کے حصول کیلئے ملاقات اور دستاویزات پہنچانے کیلئے نیا آن لائن نظام متعارف کرایا جارہا ہے اور اس سلسلے میں ایک نیا کال سنٹر بھی قائم کیا جائےگا جسکے ذریعے درخواست گزار فون اور ای میل پر معلومات حاصل کرسکیں گے۔ امریکی سفارتی مشن سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سفارتخانے اور کراچی میں قونصل خانہ 24 اگست سے نان امیگرینٹ ویزا کیلئے ملاقات اور دستاویز پہنچانے کے نظام میں تبدیلی متعارف کروارہے ہیں، دنیا بھر میں موجود سفارتخانوں اور قونصل خانوں میں نان امیگرینٹ ویزا کے حصول کیلئے ملاقات کا نیا نظام مرحلہ وار رائج ہوگا تاکہ درخواست گزاروں کو سہولیات فراہم کی جاسکیں، نیا نظام پاکستان میں ایمکس اور سپیڈیکس کے ذریعے سے ملاقات کیلئے وقت لینے کےلئے موجودہ نظام و طریقہ کار کی جگہ لے گا اور موجودہ کنٹریکٹرز کا نئے نظام میں بھی کردار رہے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے آں لائن نظام کے علاوہ درخواست گزاروں کیلئے ایک نیا کال سنٹر بھی قائم کیا جائےگا جہاں درخواست گزار فون اور ای میل پر معلومات حاصل کرسکیں گے، اس کال سنٹر پر اندرون ملک کال کرنے کے عمومی چارجز لاگو ہوں گے۔