خیبر پی کے میں ڈینگی بے قابو 800سے زائد افراد متاثر احتجاج گوعمران گوکے نعرے

خیبر پی کے میں ڈینگی بے قابو 800سے زائد افراد متاثر احتجاج گوعمران گوکے نعرے
خیبر پی کے میں ڈینگی بے قابو 800سے زائد افراد متاثر احتجاج گوعمران گوکے نعرے

  

پشاور (ویب ڈیسک) ڈینگی مچھر پشاور میں بھی بے قابو ہوگیا۔ ڈینگی وائرس پشاور کے کئی علاقوں میں پھیل گیا۔ پشاور میں 800 سے زائد افراد متاثر ہوئے جبکہ 130 افراد زیرعلاج ہیں۔ تہکال میں عوام نے ڈینگی سے پیدا ہونے والی صورتحال کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے گو عمران گو کے نعرے لگائے۔ پشاور کے عوامی نمائندوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ڈینگی کیخلاف مدد کی اپیل کر دی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے وزیر صحت کو مدد کرنے کی ہدایت کی۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبر پی کے عوام ہمارے بھائی ہیں۔ ہم ان کی مدد کے لئے حاضر ہیں۔

ناظم پشاور محمود عاصم کے مطابق ڈینگی 5 یونین کونسلوں تک پھیلا ہوا ہے۔ صبح شام سپرے کر رہے ہیں۔ اے این پی کے رہنما زاہد خان نے کہاکہ عمران خان نے صوبے کا بیڑہ غرق کر دیا۔ ہسپتالوں میں دوائیں ہیں نہ بستر۔ ذرائع کے مطابق صوبے کے ہسپتال مریضوں سے بھر گئے، ہسپتالوںمیں ڈینگی مریضوں کے علاج معالجے کیلئے ادویات اور بستر کم پڑے گئے ‘ جب پنجاب میں ڈینگی کا وائرس پھیلا تھا تو عمران خان نے دھرنے کے دوران اور جلسوں میں شہبازشریف کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا، اس لئے پرویز خٹک عمران خان سے کلیئرنس ملنے کے بعد ہی شہبازشریف کی پیشکش کا جواب دینگے۔

محکمہ صحت خیبر پی کے، ضلعی حکومت اور پشاور واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کے زیر اہتمام ڈینگی سے متاثرہ یونین کونسلوں تہکال 38 اور 39 میں سپرے اور آگاہی مہم شروع ہوگئی جس کے ساتھ گھر گھر سروے بھی کیا جارہا ہے مہم کے لئے منتخب بلدیاتی نمائندوں کی نگرانی میں محکمہ صحت کی لیڈی ہیلتھ وزیٹرز، ٹی ایم اے ٹاﺅن تھری اور ڈبلیو ایس ایس پی کے اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر سپرے کرتے ہوئے لوگوں میں مچھروں سے بچاﺅ کا لوشن بھی تقسیم کررہی ہیں۔

مزید :

پشاور -