سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں 37.7 ارب روپے کے 15 منصوبوں کی منظوری دیدی گئی
اسلام آباد (این این آئی)سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں 37.7 ارب روپے کے 15 منصوبوں کی منظوری دیدی گئی ۔سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس ڈپٹی چئیرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں مجموعی طور پے 37.7 ارب روپے کے 15 منصوبے منظور کیے گئے جن میں 12.3 ارب روپے کے 13 منصبوں کی حتمی منظوری جبکہ 25 ارب کی لاگت کے 2 اہم منصوبے ایکنک کی منظوری کے لئے بھجوا دئیے گئے۔
اجلاس میں صوبہ خیبر پختونخوا ہائی وے اتھارٹی نے19 ارب 49کروڑ 50لاکھ مالیت کا صوبائی سڑکوں کی بحالی کا منصوبہ پیش کیا جسے اجلاس میں حتمی منظوری کے لئے ایکنیک کو بھیج دیا گیا۔ اس منصوبے کے تحت خیبر پختونخوا کے موجودہ ہائی وے نیٹ ورک کے 214.20 کلو میٹر سڑک کی بحالی اور 7.3 میٹر اور 6.1 میٹر کی چوڑائی بھی شامل ہے ، اس منصوبے کے تحت پلوں ، نکاسیوں ، آلودگی اور عصری کاموں کی تعمیر بھی شامل ہے۔ اسی طرح ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے 5 ارب 25کروڑ 71لاکھ 65 ہزار روپے کے 4 منصوبے پیش کئے گئے جس میں56 کروڑ 42 لاکھ 60 ہزار روپے کی مالیت کا کرک میں خوشحال خان خٹک یونیورسٹی میں تعلیمی بلاک کی فراہمی کا منصوبہ بھی منظور کر لیا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ 89کروڑ 39لاکھ 44ہزار روپے کا سوات یونیورسٹی مینگورہ میں خواتین کے لئے کیمپس کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی۔ ڈیرہ غازی خان میں واقع غازی خان یونیورسٹی میں تعلیمی سہولیات کی ترقی و بہتری کے لئے ایک ارب 59 کروڑ ، 56لاکھ 38ہزار روپے کا منصوبہ پیش کیا گیا جسے اجلاس نے منظور کر لیا۔ سوات میں ہاکی کے مصنوعی میدان کی تعمیر کے لئے انٹر پروونشنل کوآرڈینیشن ڈویژن نے16 کروڑ 5لاکھ 62ہزار روپے لاگت کا منصوبہ پیش کیا جس کو اجلاس نے منظور کر لیا۔