جولائی میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں163اضافہ خوش آئند ہے ،شفیق اے نقی
لاہور (کامرس رپورٹر) سینئر وائس چیئرمین و قائمقام چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن ڈاکٹر شفیق اے نقی نے کہا ہے کہ حکومت کی مثبت معاشی اصلاحات کے باعث ملک میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں163فیصد اضافہ خوش آئند ہے ۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جولائی 2017کے دوران مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری 58فیصد اضافہ سے 21کروڑ20لاکھ ڈالر رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کے پہلے مہینے میں غیر ملکی سرمایہ کاری 13کروڑ 43لاکھ ڈالر تک محدود تھی
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی پیش رفت دوسرے ملکوں کو بھی اپنی جانب متوجہ کررہی ہے۔سی پیک ،اقتصادی زونزکے قیام سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائس چیئرمین میاں شہریار علیکے ساتھ ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر شفیق اے نقی نے کہا کہ سرمایہ کاری کیلئے بہترین6ممالک میں پاکستان کا نام شامل ہونے سے غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے ۔ چین اقتصادی راہداری منصوبہ اور منصوبہ کی راہ میں انڈسٹریل زونز کے قیام سے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کا رخ پاکستان کی طرف ہوگیا ہے ۔اور دنیا بھر سے بڑی بڑی اور معروف کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کررہی ہیں ۔ سرمایہ کاروں کیلئے بہترین ماحول کی فراہمی سے ملک کے اندر غیر ملکی سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ حکومتی پالیسیوں پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد کا مظہر ہے اور اس سے نہ حکومت کا صنعتی ترقی کا ویژن پورا ہوگا بلکہ پاکستان کو صنعتی لحاظ سے ایشیاء کا ٹائیگر بنانے کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہوگا۔