پاکستانی فلم"اللہ یار اینڈ دی لیجنڈ آف مارخور"کا ٹریلر جاری

پاکستانی فلم"اللہ یار اینڈ دی لیجنڈ آف مارخور"کا ٹریلر جاری
 پاکستانی فلم

  

لاہور(فلم رپورٹر)بہت جلد پاکستانی سینماوں کی زینت بننے والی پاکستانی اینی میٹڈ فلم "اللہ یار اینڈ دی لیجنڈمارخور"کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا ۔ فلم کو 3rdورلڈ اسٹوڈیو اورپاکستان میں اینیمیشن انڈسٹری کے مایہ ناز عزیر ظہیر خان نے پیش کیا ہے، جس میں نتاشہ حمیرہ اعجاز نے مرکزی کردار نبھایا ہے، جبکہ فلم کا آفیشل ساؤنڈ ٹریک بھی تیار کیا ہے، اس کے علاوہ معروف گلوکار اور سونگ رائٹر علی نورکو فلم میں بطور ولن کاسٹ کیا گیا ہے۔ فلم کے ٹیزر میں دکھایا گیا ہے کہ شاہین جو کہ پرندہ ہے، جنگل ، دریااور پہاڑوں میں اونچی نیچی جگہ سے پرواز کرتے ہوئے ایک ایسے مقام پر پہنچ جاتا ہے جہاں ایک لڑکا(اللہ یار)ایک پہاڑ کی چوٹی پر اپنے کچھ جانور دوستوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

ٹیزر شروع ہونے سے لیکر آخرتک کے مناظر اتنے دلکش اور حسین ہیں کہ دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتے ہیں۔اس موقع پر عزیر ظہیر خان کا کہنا تھا کہ یہ ہمارا پہلا بڑا پراجیکٹ ہے، اور اس فلم کی مناظر سے شائقین کو لطف اندوز کرنے کے لیے میری پوری ٹیم انتہائی سخت محنت کررہی ہے، عزیر کا کہنا تھاکہ فلم کی کہانی مضبوط اخلاقی اقدار اور اپنے اندر ایک پیغام لیے ہوئے ہے جو کہ یقیناًدیکھنے والوں کو متاثر کرے گی۔ فلم سے متعلق عزیر کا کہنا تھا کہ فلم کی کہانی اللہ یار اور اس کے دوستوں کے گرد گھومتی ہے جس میں وہ ایک دلچسپ سفر شروع کرتے ہیں، فلم میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح قدرت اور انسان کے درمیان ایک گہرتعلق ہے، جسے ہم اکثر جانتے ہوئے بھی نظر انداز کردیتے ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ شاید کہ یہ پاکستان کی پہلی اینی میٹڈ فلم نہ ہو مگر اتنا ضرور کہا جاسکتا ہے کہ یہ فلم پاکستانی اینی میٹڈ فلم کی صنعت میں ایک سنگ میل ثابت ہو گی جبکہ فلم کا ہر منظر دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لے گا۔ فلم جلد سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

مزید : کلچر