ریلوے کے کلاس فور ملازمین کی اپ گریڈ یشن کی منظوری ، نوٹیفکیشن جاری

ریلوے کے کلاس فور ملازمین کی اپ گریڈ یشن کی منظوری ، نوٹیفکیشن جاری

لاہور(نمائندہ پاکستان)ریلوے انتظامیہ کی طرف سے کلاس فور کے ملازمین کی اپ گریڈیشن کی منظوری پر ہزاروں ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے باقاعدہ جشن منایا۔ نوٹیفکیشن جاری ہونے پر ریلوے ہیڈکوارٹرز کے نائب قاصد اور دیگرکلاس فور سٹاف نے خوشی کے اس موقعے پر اظہار تشکر کے لیے چیئرپرسن ریلویز مسز پروین آغا ، چیف ایگزیکٹوآفیسر محمدجاوید انور ، ایف اے اینڈ سی اے او ، ڈاکٹر سعید ، ڈائریکٹرلیگل فہیم عالم ، چیف پرسانل آفیسرشعیب عادل اور ڈی جی ایم غلام فرید کے دفاتر میں جاکرانہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور مٹھائی پیش کی۔ اس موقع پر ملازمین کی خوشی دیدنی تھی۔ حکومت کے اس اقدام سے ریلوے کے ہزاروں ملازمین ، نائب قاصد ، چوکیدار ، چابی والے ، مالی اور خاکروب کوفائدہ پہنچے گااور 10 سال کے بقایا جات بھی ملیں گے۔ ہیڈکوارٹرز ملازمین نے آل پاکستان کلاس فور ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت علی شاہ کی خصوصی کاوشوں کوبھی سراہا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔ لیاقت علی شاہ ، محمدجمیل ، گل حکیم ، فقیرحسین ، محمدسیلم ، محمدندیم ، انورمسیح ، محمدسجاد ، محمدفاروق اور محمدجبار نے اس موقع پر وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق ، چیف ایگزیکٹوآفیسرپاکستان ریلویز محمدجاوید انور ، ڈائریکٹرلیگل فہیم عالم اور چیف پرسانل آفیسرشعیب عادل کا خصوصی شکریہ ادا کیاہے اور کہا ہے کہ اب وہ زیادہ لگن اور تندہی سے اپنے ادارے کی خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز ایک قومی ادارہ ہے جو آج سے چار برس پہلے دم توڑ رہا تھا مگر اب تعمیراور ترقی کی پٹری پر تیزی سے دوڑ رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے ملازمین محکمے میں ری سٹرکچرنگ اور تنظیم نو کے عمل کا بھی خیر مقدم کرتے ہیں اور انہیں امید ہے کہ وفاقی وزیر ریلویز کے حکم کے مطابق ریلوے ملازمین کییٹگریزمیں تفاوت اور بے ضابطگیوں کا خاتمہ ہوگا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1