شہر میں خطر ناک عمارتوں کی بھرمار ، انسانی جانیں داؤ پر لگ گئیں

شہر میں خطر ناک عمارتوں کی بھرمار ، انسانی جانیں داؤ پر لگ گئیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جاوید اقبال ،عدیل شجاع)میٹرو پولیٹن کارپوریشن بننے کے بعد سے شہر میں غیر قانونی تعمیرات کی بھر مار،بغیر نقشہ جات بننے والی عمارتوں نے ریونیو کے ساتھ ساتھ انسانی جانوں کو بھی داؤ پر لگا دیا،نقشہ بنانے کے عمل کو انتہائی پیچیدہ بنانے سے نو ٹاؤنز میں عوام در بدر،تفصیلات کے مطابق شہر بھر کے نوٹاؤنز میں غیر قانونی عمارتوں کی تعمیر کا سلسلہ دھڑلے سے جاری ہے۔اور ان غیر قانونی تعمیرات میں نہ صرف بلڈنگ بائی لاز اور قوانین و ضوابط کو پس پشت ڈلا جا رہا ہے بلکہ کسی بھی مروجہ قانون کو خاطر میں نہیں لایا جا رہا۔جس کی وجہ سے نہ صرف میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور کو ریونیو کی مد میں خسارہ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بلکہ بغیر نقشہ جات بنائی خطرناک طریقے سے بنائی جانے والی عمارتوں نے انسانی جانوں کو بھی داؤ پر لگا دیا ہے۔یاد رہے ماضی قریب میں بلڈنگ بائی لاز کو پس پشت ڈال کر بنائی جانے والی عمارات کی وجہ سے کئی حادثے رونما ہو چکے ہیں اور ان میں کئی انسانی جانوں کا ضیاع بھی ہو چکا ہے۔بتایا گیا ہے کہ کسی بھی عمارت کا نقشہ بنوانے کے عمل کو عام آدمی کے لیے اتنا پیچیدہ بنا دیا گیا ہے کہ لوگ در بدر ہو کے رشوت دینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔اور نہ ہی عام آدمی کی رہنمائی کے لیے میٹرو پولیٹن کارپوریشن میں نقشہ بنوانے کا کوئی خصوصی ڈیسک بنایا گیا ہے۔