انسداد ڈینگی ، ملازمین کا ریگو لیشن اور سرکاری تعطیلات میں جبری ڈیوٹی کے خلاف احتجاج کا اعلان

انسداد ڈینگی ، ملازمین کا ریگو لیشن اور سرکاری تعطیلات میں جبری ڈیوٹی کے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( جنرل رپورٹر) ڈینگی ملازمین کا نام سرکاری ملازمین کی ریگولیشن لسٹوں سے کیوں نکالا؟یونائیٹڈ ہیلتھ فیڈریشن لاہور (یو ایچ ایف)کے زیر انتظام ڈینگی ملازمین کی ریگولیشن اور سرکاری تعطیلات میں جبری ڈیوٹی کے خلاف 29اگست سے احتجاجی دھرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے جس میں لاہور بھر کی تمام ڈسپنسریز، چھوٹے ہسپتال ، ڈینگی سرویلینس، حفاظتی ٹیکہ جات اور دیگر تمام امور کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا ان خیالات کا اظہارگزشتہ روز ڈی جی ہیلتھ آفس میں محمد سلیمان خان سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ ہیلتھ فیڈریشن لاہور نے یوایچ ایف لاہور کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر یو ایچ ایف لاہور نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر سال ڈینگی ملازمین کا کنٹریکٹ بڑھا کر تنخواہوں کی مد میں ایک ہزار روپے فی ملازم رشوت لی جاتی ہے ہر سال 35لاکھ روپے ڈینگی ملازمین کی جیبوں سے تنخواہ کے اجراء کی صورت میں نکلوا لیے جاتے ہیں وزیر صحت پنجاب کے ملازمین کے مسائل حل کرنے کی بجائے پشاور میں سیاست کرنے پہنچ گئے لاہور میں ڈینگی کے خاتمے کا کریڈٹ صرف اور صرف ڈینگی ملازمین کو جاتا ہے۔اس موقع پر چیئرمین یو ایچ ایف ناظم الدین گجر نے کہا کہ 6سال سے ملازمین کو ریگولیشن کی جھوٹی تسلیاں دی جا رہی ہیں جبکہ عملی طور پر کوئی مثبت اقدامات نہیں کیے گئے اور اس احتجاج میں محکمہ صحت پنجاب کی تمام تنظیموں کے قائدین شریک ہوں گے۔سرپرست اعلیٰ ملک نوید نے کہا کہ گزشتہ 6سال سے ڈینگی ملازمین کو عید اور اتوار کی تعطیل بھی میسر نہیں اور بنا کسی بھی تحریری حکم نامہ اور اعزازیہ کے جبری ڈیوٹی کروائی جاتی ہے اور اس پر ستم یہ کہ جب بھی سرکاری ملازمین کی ریگولیشن کی بات ہو تو ڈینگی ملازمین کو ریگولر بھی نہیں کیا جاتا اجلاس میں ڈینگی ملازمین کی بڑی تعدادنے شرکت کی اور قائدین کو بتایا کہ 2013میں بھی وزیر اعلیٰ پنجاب نے ملازمین کی ریگولیشن کا نوٹیفکیشن جاری کیا مگر اس کے باوجود ڈینگی ملازمین کو تا حال ریگولیشن آرڈر نہیں دیے گئے یہ کہاں کا انصاف ہے کہ تنخواہوں کی وصولی کے لیے بھی رشوت دینی پڑے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ 29اگست سے ڈینگی سرویلینس، حفاظتی ٹیکہ جات، تمام ڈسپنسریوں اور دیگر تمام امور کا مکمل بائیکات کرتے ہوئے ڈی جی ہیلتھ آفس میں مطالبات کے حق میں نوٹیفکیشن کے اجراء تک روزانہ کی بنیاد پرعید تک دھرنا دیا جائے گاجو عید الضحیٰ کی چھٹیوں کے بعد دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔