نواز شریف کا احتساب سیاسی انتقام نہیں،جمشید چیمہ

نواز شریف کا احتساب سیاسی انتقام نہیں،جمشید چیمہ

لاہور ( نمائندہ خصوصی )تحریک انصاف وسطی پنجاب کے سینئر نائب صدر جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ نوٹسز کے باوجود نیب کے رو برو پیش نہ ہونے سے ثابت ہو گیا ہے کہ شریف خاندان کے پاس اپنے دفاع کیلئے کچھ موجود نہیں ، پانامہ لیکس کی دستاویزات صحافیوں کی عالمی تنظیم سامنے لائی جبکہ وفاق میں اپنی حکومت ہونے کے باعث احتساب کے عمل کو قطعی طور پر سیاسی انتقام نہیں کہا جا سکتا، حکمران لیگ نے عوام کی حمایت نظر نہ آنے پر این اے 120میں وسیع دھاندلی کی منصوبہ بندی کر لی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 120کے ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جدوجہد سے کئی دہائیوں سے اقتدار کی باریاں لینے والوں کے اصل چہرے بے نقاب ہو گئے ہیں ۔ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی نے ہر دور میں ایک دوسرے کی کرپشن کو تحفظ دیا ہے اور اب بھی پیپلز پارٹی (ن) لیگ کو ریسکیو کرنے کے لئے میدان میں آگئی ہے ، بلاول بھٹو کے خیبر پختوانخواہ میں جلسے اسی حکمت عملی کا حصہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ عوام تبدیلی کے لئے اپنے ووٹ کی طاقت کا استعمال کرنے کا اٹل فیصلہ کر چکے ہیں ۔ ڈاکٹر یاسمین راشد این اے 120میں ریاستی مشینری کا مقابلہ کرنے کیلئے میدان میں ہیں ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکمران خاندان اب جو مرضی کر لے دنیا کی کوئی طاقت انہیں احتساب کے کٹہرے میں آنے سے بچا سکتی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1