پاکستانی سرحدوں کی حفاظت اولین ذمہ داری ہے ، رفیق رجوانہ
لاہور( نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان نیول وار کالج لاہور کے کمانڈنٹ ریئر ایڈمرل مزمل الیاس نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور اہمی قومی معاملات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت ہم سب کی اولین اور اجتماعی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے 20کروڑ عوام وطن عزیز کی سالمیت اور حرمت کے لئے سیسہ پلائی دیوار کی حیثیت رکھتے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ افواج پاکستان سمیت ہماری پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملک میں امن قائم کرنے ، دہشت گردی اور انتہاپسندی جیسے ایشوز کی سرکوبی کے لئے جو قربانیاں دی ہیں اور دے رہے ہیں وہ پاکستان کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی امن کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کی ہے اور دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی سب سے بڑی جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پرپاکستان نیول وار کالج لاہور کے کمانڈنٹ ریئرایڈمرل مزمل الیاس نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی جغرافیائی سرحدیں جن کا پھیلاؤ فضاؤں،میدانوں اور سمندرو ں تک پھیلا ہوا ہے اُس کے ایک ایک انچ کی حفاظت کو اپنا ایمان سمجھتی ہے۔
رفیق رجوانہ