جنوبی پنجاب سے اہم عہدوں پر پہنچنے والے اقتدار ملتے ہی عوام کو بھو ل گئے : شہاز شریف

جنوبی پنجاب سے اہم عہدوں پر پہنچنے والے اقتدار ملتے ہی عوام کو بھو ل گئے : ...

لاہور(سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ وسائل سے محروم اورغریب عوام کے طرز زندگی میں بہتری لانا پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کاایجنڈا ہے اوراس ایجنڈے کی تکمیل کیلئے صوبے بھر میں اربوں روپے کی لاگت سے فلاح عامہ کے پروگرامز کامیابی سے آگے بڑھائے جارہے ہیں ،جس کے تحت متوازن ترقیاتی حکمت عملی اختیارکرکے پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں اورفلاحی پروگراموں کیلئے صوبے میں پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی جیسا فعال ادارہ بنایاگیاہے جبکہ رواں مالی سال 635ارب روپے کے تاریخ ساز ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد کیا جارہا ہے ۔ صوبے کی تاریخ کا یہ سب سے بڑا ترقیاتی پروگرام ہے جو پنجاب کی پائیدارمعاشی ترقی کا باعث بنے گاکیونکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں سماجی شعبوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔وہ جنوبی پنجاب کے منتخب نمائندوں سے گفتگوکررہے تھے ۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ کم ترقی یافتہ اورپسماندہ علاقوں کی ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت پسماندہ علاقوں کی ترقی وخوشحالی پر خطیر وسائل خرچ کیے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی کے تحت غریب عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے مثالی اقدامات کیے گئے ہیں۔تعلیم،صحت،زراعت،واٹر سیکٹر اورسماجی شعبوں کی بہتری کو ترجیح دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں جنوبی پنجاب سے حکمران تو آتے رہے لیکن علاقے کی پسماندگی دور کرنے کیلئے کچھ نہ کیاگیابلکہ جنوبی پنجاب کے عوام کے حقوق کے خالی نعرے بلند کر کے عہدوں پر پہنچنے والوں نے حصول اقتدار کے بعد علاقے کے عوام کوبھلادیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے اورہم نے خطے کی پسماندگی دور کرنے اورماضی کے لگائے گئے زخموں پر مرہم کرنے کیلئے ٹھوس حکمت عملی پر عمل کیاہے۔انہوں نے کہا کہ وسائل کارخ کم ترقی یافتہ اورپسماندہ علاقوں کی طرف موڑدیاگیاہے۔جنوبی پنجاب میں اربوں روپے کے میگاپراجیکٹس مکمل ہوئے اوربہت سے منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے بڑے پروگرام کا آغاز بھی جنوبی پنجاب سے کیا جارہا ہے ۔

مزید : صفحہ اول