نئی پالیسی پر امریکہ کو تحفظات سے آگاہ کر دیا ، خوا جہ آصف

نئی پالیسی پر امریکہ کو تحفظات سے آگاہ کر دیا ، خوا جہ آصف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں ) وزیرخارجہ خواجہ آصف کا قومی اسمبلی میں امریکہ کی نئی پالیسی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا پاکستان کی قربانیوں کو عالمی برادری تسلیم کرتی ہے جبکہ ملک میں کسی دہشتگرد گروہ کا منظم نیٹ ورک موجود نہیں،پاکستان د ہشتگردوں کیخلاف بلا تفریق کاروائی کی اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں 100 ارب ڈالر سے زائد کے وسائل استعمال ہوئے ۔ ا فغا نستا ن کے حوا لے سے بھارت کا کردار ہمیشہ منفی رہا ہے۔ امریکی سفیر نے ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسی سے متعلق بریف کیا ہے تاہم پاکستان نے اس حوا لے سے امریکہ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے جبکہ امریکی سفیر کو بتایا کہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں 70 ہزار جانوں کی قربانی دی ہے۔ قبل ازیں پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈیوڈ ہیل نے دفتر خارجہ میں وزیرخارجہ خواجہ آصف سے ملاقات کی جس میں امریکی سفیر نے انہیں جنوبی ایشیاء اور پاکستان، افغانستان کے بارے میں نئی امریکی پالیسی سے آگاہ کیااورکہا امریکی سیکرٹری آف سٹیٹ ریکس ٹیلرسن بھی آئندہ چند روز میں ان سے ملنے کے منتظر ہیں تاکہ وہ دوطرفہ تعلقات ، خطے کی صورتحال اور جنوبی ایشیا ء اور افغانستان کے بارے میں امریکی پالیسی کے بارے میں آگاہ کرسکیں۔خواجہ آصف نے امریکی سفیر کو بتا یا کہ وہ بھی جلد ان سے باقاعدہ ملاقات کے منتظر ہیں۔ پاکستان ، افغانستان میں امن اور استحکام کا خواہشمند ہے۔ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف بہت قربانیاں دی ہیں اور بہت حد تک قابوپالیا ہے۔ پاکستان پر امن ملک ہے اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے جنگ جاری رہے گی۔دریں اثناء دفتر خارجہ نے امریکہ کی نئی افغان پالیسی کا موثر سفارتی ردعمل تیار کرنے کیلئے جلد اعلیٰ سطحی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ، ڈی جی امریکہ ، ڈی جی اقوام متحدہ، ڈی جی افغانستان منصور خان، ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا سمیت دیگر حکام شرکت کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے امریکی حکام کے متوقع سخت ردعمل یا پابندیوں کی صورت میں آپشنز پر غور ہوگا اور اجلاس میں سخت امریکی بیانات پر دوست ممالک کو بھی اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیر خارجہ خواجہ آصف کے متوقع دورہ امریکہ سے متعلق بھی پالیسی بنائی جائے گی۔
خواجہ آصف

مزید :

صفحہ اول -