صوبائی اسمبلی پشاور میں قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کا ایک اہم اجلاس

صوبائی اسمبلی پشاور میں قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کا ایک اہم اجلاس

پشاور( سٹاف رپورٹر)صوبائی اسمبلی پشاور میں قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کا ایک اہم اجلاس منگل کے روز یہاں منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین اور ایم پی اے محمد عارف نے کی۔اجلاس میں خیبر پختونخوا کے آٹھ ابتدائی و ثانوی تعلیمی بورڈز کے چیئرمینوں نے شرکت کی۔تمام بورڈز کے نمائندہ چیئرمین نے قائمہ کمیٹی(ابتدائی و ثانوی تعلیم) کے اراکین کو سالانہ امتحانی نظا م،سٹاف ڈیوٹیوں،امتحانات میں سٹاف کی تعیناتی کے طریقہ کار اور بورڈز کی طرف سے نقل کی روک تھام کے لئے کئے گئے اقدامات پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ اجلاس میں حالیہ میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے نتائج پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ کمیٹی کے چیئرمین محمد عارف نے بورڈز کے چیئرمینوں کو ہدایات جاری کیں کہ آئندہ تمام بورڈز کیلئے یکساں پالیسی وضع کی جائے اورتمام بورڈز کے لئے یکساں پرچہ جات بنائے جائیں۔انہوں نے بورڈز کے عملے کو امتحانی نظام میں مشینوں،سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کو کافی سراہا۔اجلاس میں دیگر اراکین میں ممبران صوبائی اسمبلی شاہ فیصل،سردار حسین بابک،شاہ حسین خان،راجہ فیصل زمان،معراج ہمایوں خان،عظمیٰ خان اور ملیحہ علی اصغر خان نے شرکت کی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر