متحدہ نے فنکشنل لیگ کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت نہیں دی،سردار رحیم

متحدہ نے فنکشنل لیگ کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت نہیں دی،سردار رحیم

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے مسلم لیگ فنکشنل کو کثیر الجماعتی کانفرنس میں باضابطہ طور پر دعوت نہیں دی جبکہ چھوٹی چھوٹی جماعتوں کو ان کے دفاتر اور گھروں میں جاکر دعوت دی گئی اس ہی وجہ سے ہم نے ایم کیو ایم کی کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا، اس کانفرنس کے انعقاد کا اصل مقصد یہ نظر آتا ہے کہایم کیو ایم کے تمام دھڑوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنا تھا، مسلم لیگ فنکشنل تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کرنے کے لئے تیار ہے اس کے دروازے تمام جماعتوں کے لئے کھلے ہوئے ہیں ایم کیو ایم پاکستان کو اپنی صفحوں سے پاکستان مخالف سوچ رکھنے والے افراد کو نکالنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مسلم لیگ فنکشنل کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر نند کمار، نئے نامزد کردہ مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری اطلاعات کلیم شیخ،مرکزی چیف آرگنائزر کاشف نظامانی اور دیگر بھی موجود تھے۔ سردار عبدالرحیم نے کہا کہ دوسری سیاسی جماعتوں نے تو ایم کیو ایم پاکستان کی کانفرنس کا بائیکاٹ کیاہے ۔ جبکہ ہمارا معاملہ مختلف ہے ایم کیو ایم پاکستان نے مسلم لیگ فنکشنل کو باضابطہ دعوت نہیں دی تھی جبکہ دوسری سیاسی جماعتوں کے گھروں اور دفاتر میں ایم کیو ایم کے وفود کانفرنس کی دعوت دینے گئے۔ ہم نے اس حوالے سے اپنی تذلیل سمجھی کیوں مسلم لیگ فنکشنل سندھ کی تیسری بڑی جماعت ہے۔ اس لئے ہم نے کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ہمارے دروازے اتحاد کے سلسلے میں تمام جماعتوں کے لئے کھلے ہوئے ہیں جہاں تک ایم کیو ایم کا تعلق ہے تو انھیں اپنی صفحوں میں سے ملک دشمن سوچ رکھنے والے افراد کو نکالنا ہوگا۔انھوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے ایم کیو ایم کے تمام دھڑے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو رہے ہیں یہ ایک مثبت سوچ ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ کانفرنس بھی اس ہی لئے رکھی گئی تھی۔ویسے بھی کانفرنس کے حوالے سے ان کا ایجنڈا واضح نہیں تھا۔ انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ فنکشنل جو کہ سندھ کی تیسری بڑی جماعت ہے اسے متحرک اور فعال بنایا جارہا ہے۔اس کی تنظیم سازی کی ابتداء بھی سب سے پہلے کراچی سے کی جارہی ہے آئندہ ہفتہ اس کا ورکرز کنوینشن کراچی میں رکھا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں کراچی کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ قومی دھارے کی جماعت مسلم لیگ فنکشنل میں شامل ہوں۔ اور مسلم لیگ فنکشنل کا سندھ کے شہروں کے عوام کے لئے ماں کا جیسا درجہ ہے جب قیام پاکستان کے بعد مہاجر سندھ آئے تو حروں نے انھیں ویلکم کیا یہی وجہ ہے مہاجر سب سے زیادہ میر پور خاص، حیدرآباد، تھر ، ااور دیگر حروں والے علاقوں میں زیادہ تعداد میں رہائش پزیر ہوئے۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ مسلم لیگی دھڑوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنے کی کوششوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مسلم لیگ فنکشنل کی کوشش ہے کہ فیڈریشن اور فیڈریشن کی علامت جو ادارے ہیں انھیں مضبوط کیا جائے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -