جہلم، چوک، چوراہوں میں چنگ چی رکشوں کی بھر مار ٹریفک جام معمول

جہلم، چوک، چوراہوں میں چنگ چی رکشوں کی بھر مار ٹریفک جام معمول

جہلم(نامہ نگار)جہلم شہر کے مصروف ترین چوک، چوراہوں میں چنگ چی رکشوں کی بھر مار ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا۔ رکشہ ڈرائیوروں نے سیاسی پشت پناہی کے باعث شہر کے چوک چوراہوں پر قبضہ کر لیا،ٹریفک پولیس خاموش تماشائی بن گئی ، شہریوں کا شہر کے چوک ، چوراہوں سے رکشہ سٹینڈ ختم کروانے کا مطالبہ، تفصیلات کیمطابق جہلم شہر کے معروف چوک شاندار، جادہ چونگی، محمدی چوک، قبرستان چوک، نیابازار چوک، روہتاس روڈ چوک، کچہری چوک، بلال ٹاؤن اور دیگر مقامات پر چنگ چی رکشہ ڈرائیورز نے سیاسی پشت پناہی کے باعث رکشہ سٹینڈ بنا کر سڑکوں پر قبضہ جما رکھا ہے ، جس کے باعث راہگیروں خصوصاً ضعیف العمر افراد اور خواتین کا گزرنا محال ہو جاتا ہے ، ٹریفک پولیس کا عملہ ٹریفک کو رواں رکھنے کی بجائے چنگ چی رکشہ ڈرائیوروں کی منت سماجت کرتے دکھائی دیتا ہے ۔ شہرکی سڑکوں اور بازاروں میں رش بڑھنے سے ٹریفک کا جام رہنا روز کا معمول بن چکا ہے اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے ،شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس چنگ چی رکشہ والوں کے خلاف قانونی کارروائی نہیں کرتی جس کی وجہ سے چنگ رکشہ ڈرائیوروں نے شہر کے چوک چوراہوں کو رکشہ اڈوں میں تبدیل کر رکھا ہے ، جہلم شہر کی شہری ، سماجی ، مذہبی ، رفاعی ، کارروباری، فلاحی تنظیموں کے عمائدین نے ڈی پی او جہلم ،ڈی ایس پی ٹریفک پولیس جہلم سے مطالبہ کیاہے کہ جہلم میں ڈیوٹی سر انجام دینے والے ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکاروں کو چوک چوراہے بند کرنے والے رکشہ ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ شہریوں کو ٹریفک جام کے مسئلے سے چھٹکارہ حاصل ہو سکے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر