وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر سعودی عرب روانہ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر سعودی عرب روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ سعودی قیادت سے ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان کے بعد کی صورتحال پر مشاورت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پہلے ہی غیر ملکی دورے پر سعودی عرب روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ روضہ رسولﷺ پر حاضری دیں گے جبکہ مدینہ منورہ میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات بھی کریں گے۔ اس ملاقات میں دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ وزیر خارجہ خواجہ آصف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی سعودی عرب گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اعلیٰ سعودی قیادت کے علاوہ ممکنہ طور پر شاہ سلمان سے بھی ملاقاتیں کریں گے جن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان کا جائزہ لیا جائے گا اور اس بیان کے بعد کی صورتحال پر مشاورت بھی کی جائے گی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیر اعظم کے اس دورے کا مقصد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان پر دوست ممالک کو اعتماد میں لینا ہے۔