خطہ ارض پاکستان ہمیں لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل ہوا

خطہ ارض پاکستان ہمیں لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل ہوا
خطہ ارض پاکستان ہمیں لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل ہوا

  

دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان وہ خطہ ارض ہے جو ہمیں لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے۔ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے دن رات کی انتھک محنت کے بعد یہ خطہ ارض حاصل کیا جسے پاکستان کہتے ہیں۔ حصول پاکستان کے لئے ہمارے اباﺅ اجداد نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے جس کے نتیجہ میں ایک آزاد وطن پاکستان حاصل ہوا۔ ہم آج آزادی سے پاکستان میں رہ رہے ہیں جس سے دنیا بھر میں ہماری الگ ہی شناخت ہے۔

اگر پاکستان ہے تو ہم ہیں کیونکہ اسی کے وجود سے ہماری پہچان ہے لہٰذا ہمیں چاہیے کہ اس کے ہر حصہ کی حفاظت کریں اور اسے مضبوط سے مضبوط تر بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان سوشل فورم یو اے ای کے زیر اہتمام ہونے والی جشن آزادی کی تقریب میں مقررین نے کیا۔ مقررین میں پاکستان سوشل فورم کے چیئرمین اور بانی ملک محمد اسلم، میاں منیر ہانس، راجہ اکرام الحق، فرزانہ منصور، شیریں درانی، ذوالفقار مغل اور عرفان قمر قریشی تھے جبکہ چودھری راشد علی بریار، شفیق صدیقی، قاسم بلوچ، ملک خادم شاہین، فضل ربانی اور دیگر لوگ شامل تھے۔

اس موقع پر جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا اور پاکستان کے70ویں جشن آزادی کے موقع پر ایک دوسرے کو مبارکبادیں بھی دی گئی۔ پاکستان سوشل فورم کے بانی ملک محمد اسلم نے کہا کہ یہ فورم پاکستان کے ہر طبقہ کی نمائندگی کرے گا جبکہ پاکستان کے ہر قومی دن اور تہوار کے موقع پر پاکستانیت کو اجاگر کرنے کے لئے پروگرام بھی پیش کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل فورم کے زیر اہتمام اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل اجاگر کرنے کے ساتھ حل بھی کئے جائیں گے۔

مزید : عرب دنیا