احتجاجی مظاہروں کا خدشہ ،برطانوی یونیورسٹی نے پرویز مشرف کا پروگرام منسوخ کر دیا

احتجاجی مظاہروں کا خدشہ ،برطانوی یونیورسٹی نے پرویز مشرف کا پروگرام منسوخ ...

لندن(ڈیلی پاکستان آن لائن ) یونیورسٹی آف لندن میں جمعرات (24 اگست) کے روز طے شدہ شیڈول کے مطابق سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے خطاب کرنا تھا لیکن احتجاجی مظاہروں کے خطرے کے پیش نظر لیکچر کو منسوخ کر دیا گیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق ایک نجی ٹیلی ویڑن چینل کے پروگرام کی ریکارڈنگ کے لیے پرویز مشرف نے یونیورسٹی آف لندن کے ایک اہم انسٹی ٹیوشن اسکول آف اوریئنٹل اینڈ افریقن اسٹڈیز (ایس او اے ایس) میں خطاب کرنا تھا۔مذکورہ پروگرام میں 1999 کے ٹیک اوور، دہشت گردی کے خلاف جنگ، نواز شریف کی نااہلی اور بھارت کے حوالے سے پاکستانی فوج کے سخت مو¿قف جیسے موضوعات پر سوال و جواب کا سلسلہ متوقع تھا۔

ریٹائرڈ جنرل کے مخالفین نے سابق فوجی حکمران کو خطاب کے لیے یونیورسٹی کا پلیٹ فورم فراہم کرنے کی مخالفت کی جبکہ اس بات کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا تھا کہ اس کے انعقاد پر احتجاج اور پروگرام کو متاثر کرنے کی کوششیں بھی سامنے آسکتی ہیں۔ایس او اے ایس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ تکنیکی طور پر ایونٹ کو منسوخ نہیں کیا جارہا ہے کیونکہ اس کی باقاعدہ کوئی بکنگ ہی نہیں ہوئی تھی، پروگرام کے انتظامات کرنے یا اسے منسوخ کرنے میں انسٹی ٹیوٹ کا کوئی کردار نہیں‘۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ہم جانتے ہیں کہ ایک طالب علم نے اس تاریخ کو کمرہ بک کیا اور بعد ازاں اپنی مرضی سے اسے واپس لے لیا، لہذا یہ کہنا کہ ادارے کی جانب سے پروگرام کو منسوخ کیا گیا درست نہیں‘۔تاہم پاکستان سولیڈیرٹی کیمپین یو کے نامی فیس بک پیج کے مطابق یونیورسٹی کو اس پروگرام کی وجہ سے شدید دباو¿ کا سامنا کرنا پڑا۔فیس بک پیج پر کہا گیا کہ انہوں نے اپنے ہم خیال اداروں کے ساتھ یونیورسٹی انتظامیہ سے رابطہ کیا اور ایک خط کے ذریعے پروگرام کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔منسوخی کا اعلان کیے جانے کے بعد بھی اس پیج نے ایک پیغام پوسٹ کیا جس میں کہا گیا کہ ’یہ ایک فتح ہے، اور اس کا خصوصی کریڈٹ لندن میں موجود ان ترقی پسندوں کو جاتا ہے جنہوں نے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کیا‘۔

دوسری جانب جنرل پرویز مشرف کی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ کی سیکریٹری اطلاعات صام علی دادا کے مطابق یہ بات سچ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ایس او اے ایس میں طےشدہ پروگرام منسوخ نہیں بلکہ چند روز کے لیے ملتوی ہوا ہے کیونکہ اس میں زیادہ لوگ شرکت کرنا چاہتے تھے اور جنرل مشرف ایک ہفتے سے زائد کے لیے لندن ہی میں موجود ہیں‘۔

مزید : بین الاقوامی