مرکزی جمعیت اہل حدیث نے این اے 120 میں بیگم کلثوم نواز کی حمایت کا اعلان کر دیا

مرکزی جمعیت اہل حدیث نے این اے 120 میں بیگم کلثوم نواز کی حمایت کا اعلان کر دیا
مرکزی جمعیت اہل حدیث نے این اے 120 میں بیگم کلثوم نواز کی حمایت کا اعلان کر دیا

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی اہلیہ اور  این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کی امیدوار بیگم کلثوم نواز کے حق میں بڑی دینی جماعت مرکزی جمعیت اہل حدیث نے واضح اور دوٹوک حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دینی جماعتوں کی حمایت سے حلقہ این اے 120 میں بیگم کلثوم نواز  فتح یاب ہوں گی،ہم ن لیگ کے دیرینہ اتحادی اور ہماری رفاقت 3 دہائیوں سے چلی آ رہی ہے ،مولانا علی محمد ابوتراب اور دیگر راہنماؤں کا مسلم لیگ ن کے وفد کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں اعلان ۔

تفصیلات کے مطابق مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان نے حلقہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کردیا۔ اس بات کااعلان قائمقام امیر جماعت مولانا علی محمد ابوتراب نے مرکزاہل حدیث راوی روڈ میں مسلم لیگ ن کے وفد جس کی قیادت لیگی راہنما میاں مرغوب احمد کررہے تھے کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر سابق ایم پی اے حاجی عبدالرزاق، صوبائی امیر مولانا عبدالستار حامد، امین بیت المال پنجاب ملک سلیمان منگلہ، امتیاز مجاہد، شوکت ضیاء ،رانا عبدالوحید بھی موجود تھے۔ میاں مرغوب احمد نے مرکزی جمعیت اہل حدیث کی طرف سے اعلان کردہ حمایت کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ دینی جماعتوں کی حمایت سے حلقہ این اے 120 میں مسلم لیگ ن فتحیاب ہو گی۔ مولانا علی محمد ابوتراب نے کہاکہ مرکزی جمعیت اہل حدیث مسلم لیگ ن کی دیرینہ اتحادی ہے اور ہماری رفاقت تین دہائیوں سے چلی آرہی ہے،مسلم لیگ ن کے ساتھ ہمار ے تعلق کی بنیاد یں اسلام پسندی اور حب الوطنی کا جذبہ ہے۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث اور اہل حدیث یوتھ فورس حلقہ این اے 120 میں مسلم لیگ ن کا بھرپور ساتھ دے گی ۔ اس موقع پر بیگم کلثوم نواز کی صحت یابی کے لیے دعا بھی کی گئی ۔

مزید : لاہور