وزیراعظم ، وزیراعلیٰ پنجاب اور نوازشریف سمیت 6لیگی رہنماﺅں کے خلاف نااہلی اور توہین عدالت کی درخواست دائر
لاہور(نامہ نگارخصوصی)عدلیہ مخالف بیان بازی کے الزام میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، میاں محمدنواز شریف،میاں شہباز شریف، وفاقی وزیرخواجہ سعد رفیق،سمیت 16ارکان پارلیمان کی نااہلی اور ان کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں ترمیمی درخواست دائر کردی گئی ہے۔
پاکستان اور بھارت کے تعلقات مودی سر کارکے آنے کے بعد سے خاصے خراب ہیں : شیری رحمن
یہ درخواست آمنہ ملک نامی خاتون نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے وساطت سے دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مدعا علیہ 16ارکان پارلیمنٹ نے پاناماکیس کے فیصلے سے پہلے اور بعد میں مسلسل عدلیہ مخالف بیان بازی کی جو کہ وا ضح طور پر توہین عدالت ہے۔یہ لوگ عدلیہ مخالف بیان بازی کے ذریعے آئین کے آرٹیکل 62اور 63کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں، ان ارکان پارلیمنٹ کی نااہلی کے لئے متعلقہ فورم چیئرمین سینٹ، سپیکر قومی و صوبائی اسمبلی سے بھی رجوع کیا گیا مگر درخواست گزار کی درخواستیں رد کر دی گئیں،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپیکر قومی و صوبائی اسمبلی مسلم لیگ(ن ) سے تعلق رکھتے ہیں ،درخواستوں کا مسترد کیا جانا بدنیتی پر مبنی ہے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مدعا علیہان کی نااہلی کا حکم دیتے ہوئے ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔درخواست میں میاں محمدنواز شریف، میاں شہباز شریف،خواجہ سعد رفیق ،خواجہ آصف، اسحاق ڈار، طلال چودھری ، مائزہ حمید، طارق فضل چودھری ، پرویز رشید،مریم اورنگزیب ،محسن رانجھا،عابد شیر علی، رانا ثناءاللہ، سمیت 16ارکان پارلیمنٹ کو فریق بنایا گیا ہے ۔