معروف صحافی اور تجزیہ نگار حامد میر کے بارے میں سوشل میڈیا پر پھیلی قیاس آرائیوں کی اصل حقیقت سامنے آ گئی

معروف صحافی اور تجزیہ نگار حامد میر کے بارے میں سوشل میڈیا پر پھیلی قیاس ...
معروف صحافی اور تجزیہ نگار حامد میر کے بارے میں سوشل میڈیا پر پھیلی قیاس آرائیوں کی اصل حقیقت سامنے آ گئی

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)نجی ٹی وی چینل ’’جیو نیوز‘‘ کے معروف اینکر ، سینئر صحافی  اور  تجزیہ نگار حامد میر کے مشہور پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ کی میزبانی کے فرائض  گذشتہ 3 روز سے اسی چینل کی خاتون رپورٹر اور نیوز کاسٹر رابعہ انعم سر انجام دے رہی ہیں جس کے بعد سوشل میڈیا پر ’’بے پر‘‘ کی خبریں اڑائی جا رہی ہیں کہ حامد میر نے انتظامیہ سے اختلافات کی بنیاد پر ’’جیو نیوز‘‘ کو خیر آباد کہہ دیا ہے لیکن روزنامہ ’’پاکستان ‘‘ کے مطابق حامد میر کے بارے میں پھیلی ہوئی ان افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے ،حامد میر  اپنے بچوں سے ملنے کے لئے بیرون ملک گئے ہوئے ہیں اور جلد ہی واپس آ کر  جیو نیوز پر اپنے پروگرام کی میزبانی شروع کر دیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل ’’جیو نیوز ‘‘ کے مشہور شو ’’ کیپٹل ٹاک ‘‘کے میزبان اور ملک کے ایوارڈ یافتہ صحافی حامد میر کے بارے میں ایک بار پھر ملک بھر میں افواہ پھیلی ہوئی ہے کہ انہوں نے ’’جیو نیوز‘‘ کی انتظامیہ سے اختلافات کے بعد چینل کو خیر آباد کہہ دیا ہے اور اسی وجہ سے گذشتہ تین روز سے اسی چینل کی ’’ رپورٹر کم  نیوز کاسٹر ‘‘ رابعہ انعم پروگرام کی میزبانی کر رہی ہیں ،سوشل میڈیا پر پھیلی ان قیاس آرائیوں  کو اس وقت زیادہ تقویت حاصل ہوئی جب رابعہ انعم کیجانب سے حامد میر کے مذکورہ پروگرام کو ہوسٹ نہ کرنے کی کوئی وجہ بھی نہیں بتائی گئی ۔سوشل میڈیا پر حامد میر کے بارے میں پھیلنے والی ان افواہوں کے بعد جب روزنامہ ’’پاکستان ‘‘ نے  حامد میر کے انتہائی قریبی ذرائع سے رابطہ کیا تو انہوں نے ایسی تمام خبروں کو مسترد اور تردید کرتے ہوئے بتایا کہ حامد میر اپنے بچوں اور فیملی کو ملنے کے لئے بیرون ملک ایک ہفتے کی چھٹی پر گئے تھے اور ممکن ہے کہ ان کی چھٹی کا دورانیہ چند روز بڑھ جائے لیکن وہ اگلے ہفتے سے ملک واپس آ کر ایک بار پھر جیو نیوز  میں اپنے  پروگرام’’ کیپٹل ٹاک ‘‘ کی میزبانی شروع کر دیں گے ۔ 

مزید :

اسلام آباد -