سی پیک میں شامل منصوبوں کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا:احسن اقبال

سی پیک میں شامل منصوبوں کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا:احسن اقبال
سی پیک میں شامل منصوبوں کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا:احسن اقبال

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ سی پیک میں شامل منصوبوں کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا،تمام ریاستی ستونوں کو ملکر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالہ سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر، وزراءاعلیٰ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، گورنر خیبرپختونخوا، صوبائی چیف سیکرٹریز، قومی سلامتی کے مشیر، چیئرمین نادرا اور این سی نیکٹا نے شرکت کی۔ اجلاس میں قومی سلامتی کے مشیر نے بریفنگ دی۔ وزارت داخلہ میں نیشنل ایکشن پلان سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکاءنے صوبوں اور وفاق کے درمیان باہمی روابط بہتر بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

 یہ بھی پڑھیںالزامات کی تحقیقات نہ ہوئیں تو ہتھیار اٹھا لوں گا، ذمہ دار مودی سرکار ہوگی :تیج بہادر

 قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ  ملک دشمن عناصر افغانستان منتقل ہو گئے ہیں، وہاں انہیں بیرونی انٹیلی جنس ایجنسیز اور عسکریت پسندوں کی پناہ حاصل ہےجبکہ اندرون ملک  نفرت انگیز مواد، لاوڈ سپیکر کے غلط استعمال اور شرپسند عناصر کی معاونت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کےلئے وفاق ، صوبے اور سیکورٹی کے ادارے متحد اور یک جان ہیں، نیشنل ایکشن پلان قومی قیادت کا وژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط معیشت کےلئے امن ناگزیر ہے، بطور ایٹمی طاقت پاکستان ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ مملکت کے تمام ستونوں نے مل کر خطرات کا مقابلہ کرنا ہے، حکومت کی ترجیحی حکمت عملی ہے کہ تمام وفاقی اکائیوں کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کو شکست دیں۔ انہوں نے کہا کہ علماءو مشائخ کو قومی بیانیہ مرتب دینے میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے سی پیک کے منصوبوں کو کامیاب بنانا ہے، سی پیک کے منصوبوں کے خلاف تمام سازشیں ناکام بنائیں گے۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -