پولیس رویے پر شہری کی تھانے میں خود سوزی کی کوشش ،آئی جی پنجاب نے ایس ڈی پی او جھنگ سمیت مقامی ایس ایچ او اور سب انسپکٹر کو معطل کر دیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز خان نے جھنگ کے علاقے اٹھارہ ہزاری میں پولیس کے رویہ پر شہری کی خود سوزی کرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی پی اوصدر جھنگ ڈی ایس پی محمد طاہر کوفرائض میں غفلت اور لاپرواہی برتنے پر معطل کر کے سنٹرل پولیس آفس پنجاب لاہور میں رپورٹ کرنے جبکہ ایس ایچ او اٹھارہ ہزاری انسپکٹر غلام عباس اور تفتیشی افسرسب انسپکٹر نواز کو معطل کر کے پولیس لائن میں رپورٹ کرنے کے احکاما ت جاری کیے ہیں.
واضح رہے کہ 5 مرلہ سکیم جبوآنہ کے رہائشی 33 سالہ صفدر کی بیوی کے ساتھ درگاہ شاہی کے تین افراد نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا جس پرصفدر نے تھانہ اٹھارہ ہزاری میں ملزمان کے خلاف درخواست دی تھی لیکن پولیس کے سب انسپکٹر نے ایف آئی آر تو درج کر لی لیکن ملزموں کو گرفتار کرنے کی بجائے الٹا مدعی کو ہی دھمکانا شروع کر دیا ۔صفدر جب آج دوبارہ تفتیشی افسر نواز نول کے پاس ملزموں کی گرفتاری کا مطالبہ لے کر گیا تو سب انسپکٹر نے اسے غیلظ گالیاں دینا شروع کر دیں اور شدید دھمکیاں بھی دیں جس پر دلبرداشتہ ہو کر صفدر نے تھانے کے اندر ہی خود کو آگ لگا لی جسے فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن بعد ازاں حالت تشویش ناک ہونے پر صفدر کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔