’ 2 روز قبل شہباز شریف نے ایک ملاقات کی ہے جس میں ۔۔۔ ‘ عارف حمید بھٹی نے تہلکہ خیز دعویٰ کردیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینئر صحافی عارف حمید بھٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے بیک ڈور رابطے جاری ہیں جس کے باعث وہ اپوزیشن کی اے پی سی میں بھی شریک نہیں ہوئے۔ 2 روز قبل انہوں نے ایک میٹنگ کی ہے جس میں انہیں ایک شخص نے کہا کہ میں برف پگھلانے کی کوشش کر رہا ہوں۔
نجی ٹی وی جی این این کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عارف حمید بھٹی کا کہنا تھا کہ ن لیگ میں بہت زیادہ خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے ، ایسے میں شہباز شریف کے بیک ڈور رابطے جاری ہیں۔ اسی وجہ سے وہ اپوزیشن کی اے پی سی میں بھی نہیں گئے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں ہونے والی اے پی سی میں شہباز شریف نے شرکت نہیں کی تھی ، ان کی عدم شرکت کی وجہ ان کی کمر کے درد کو قرار دیا گیا تھا۔
عارف حمید بھٹی نے کہا کہ اس وقت نواز شریف اور مریم نواز جیل میں ہیں ایسے میں شہباز شریف بھی جیل چلے گئے تو ن لیگ کے نہ ہاتھ ہوں گے، نہ دماغ ہوگا اور ہی ہی چہرہ ہوگا، ایسے میں جماعت کے بکھرنے کا اندیشہ ہے۔ شہباز شریف کہہ رہے ہیں کہ ایک دو ماہ اور گزارے جائیں ہوسکتا ہے کہ اس دوران کوئی ڈھیل یا ڈیل ہوجائے ۔
عارف حمید بھٹی نے کہا کہ 2 روز قبل شہباز شریف نے ایک تفصیلی ملاقات کی ہے جس میں انہیں کسی نے کہا ہے کہ وہ برف پگھلانے کی کوشش کر رہے ہیں، اس میٹنگ میں کچھ طے نہیں پایا جس کے باعث اگلی میٹنگ کا بندو بست کیا جارہا ہے۔