خواتین کھلاڑیوں کا ہائی پرفارمنس کیمپ ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم میں جاری
پشاور(آن لائن) پاکستان کی سینئر اور اے خواتین ٹیموں کی انگلینڈ،بنگلہ دیش،اور سری لنکا کے خلاف سیریز سمیت آئی سی سی وویمن ٹی ٹونٹی ورلڈکپ اور ایمرجنگ ایشیاء کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں دو ہفتے کا ہائی پرفارمنس کیمپ ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم میں جاری ہے جہاں ان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے اور انہیں تکنیکی طور پر مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے پاکستان کے خوبصورت شہر ایبٹ آباد کے معتدل موسم میں انعقا د پزیر ہونے والے اس کیمپ کی نگرانی نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے ہیڈ کوچ مارک کولز کے ذمے ہے جبکہ بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے اقبال امام،ٹرینر کے طور پر جمال حسین اور اے ٹیم کے کوچ شاہد انور اور وقار اورکزئی پاکستا ن کی سینئر اور اے ٹیم کی کھلاڑیوں کی پرفارمنس میں تسلسل ٹھراؤ اور مزید بہتری پر بھر پور کام کر رہے ہیں۔
ایبٹ آباد میں روزانہ رات کو ہونے والی مسلسل بارشوں کے باوجود ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم کے مینجر شوکت گل جدون سمیت انکی پوری ٹیم گراؤنڈ کو کھیلنے کے قابل بنانے اور مقامی سطح پر تمام سہولتوں کی فراہمی میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے اس حوالے سے قومی خواتین ٹیم کے ہیڈ کوچ مارک کولز،بیٹنگ کوچ اقبال امام نے بتایا کہ ایبٹ آباد ایک خوبصورت مقام اور کرکٹ کے لئے آئیڈل اور معتدل موسم کا حامل شہر ہے اور انہیں یہاں آکر اچھا محسوس ہوا ہے جبکہ کیمپ کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ ہائی پرفارمنس کیمپ کا مقصد ٹیم کی سینئر اور ایمرجنگ کھلاڑیوں کی تکنیک اور سکلز کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ا انکی بیٹنگ، باؤلنگ،اور فیلڈنگ میں نکھار پیدا کرنا ہے اور اسی مقصد کے لئے کیمپ میں شریک کھلاڑیوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ میچز پر فوکس کیا گیا ہے تاکہ آئندہ آنے والے سیریز اور مقابلوں کے لئے پاکستان کی مضبوط سینئر اور اے ٹیموں کی تشکیل کو ممکن بنایا جاسکے اور ساتھ نئے ٹیلنٹ کو بھی اوپر آنے کا موقع مل سکے