ڈیرہ، پہاڑپورہ کے عوام کا لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

ڈیرہ، پہاڑپورہ کے عوام کا لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ) پہاڑپور کی عوام کا بجلی کی ناروا لوڈ شیڈنگ، ٹرپنگ اور کم وولٹیج کیخلاف چشمہ روڈ پر احتجاجی مظاہرہ، ڈیرہ اسلام آباد اور میانوالی روڈ کو ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا، حلقہ ایم پی اے احتشام جاوید اکبر، رکن صوبائی اسمبلی احمدکریم خان کنڈی، سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری فیصل اکریم خان کنڈی اورمخدوم ذیشان حیدر بھی موقع پر پہنچ گئے، مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان، تفصیلات کے مطابق تحصیل پہاڑ پور اور ملحقہ علاقوں میں بجلی کی ناروا لوڈ شیڈنگ، ٹرپنگ اور کم وولٹیج کیخلاف پہاڑپور کی عوام نے جنید طارق قریشی کی قیادت میں شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین کی جانب سے واپڈا کی زیادتیوں کیخلاف نکالی گئی ریلی کے شرکاء نے چشمہ روڈ پر احتجاجی دھرنا دیا اور ڈیرہ اسلام آباد اور میانوالی روڈ کو ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا۔ مظاہرین کے مطابق بند کورائی گرڈ اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کے نام پر عوام کو عرصہ دراز سے بیوقوف بنایا جارہا ہے، حکمرانوں اور واپڈا کے ذمہ داروں کی جانب سے دعوؤں کے باوجود ناروا لوڈ شیڈنگ، ٹرپنگ اور کم وولٹیج سے عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔اس موقع پر حلقہ ایم پی اے احتشام جاوید اکبر، رکن صوبائی اسمبلی احمدکریم خان کنڈی، سابق سپیکر قومی اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری فیصل کریم خان کنڈی اورمخدوم ذیشان حیدر بھی پہنچ گئے۔ مظاہرین کے مطابق مطالبات کی منظوری تک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔دریں اثناء پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران مظاہرین سے مذاکرات کیلئے پہنچ گئے جہاں سرکاری حکام ا ور مظاہرین کی قیادت کے درمیان آخری اطلاعات تک مذاکرات جاری تھے۔