پولیو مہم چلا کروالدین کے تحفظات دورکئے جائیں گے، ضلع ناظم چارسدہ

  پولیو مہم چلا کروالدین کے تحفظات دورکئے جائیں گے، ضلع ناظم چارسدہ

  

چارسدہ(بیو رو رپورٹ) ضلع ناظم فہد اعظم خان نے کہا ہے کہ پولیو مرض کے حوالے سے بھر پور آگاہی مہم چلا کر والدین کے شکوک و شبہات دور کئے جائینگے، آنے والے پولیو مہم میں انکاری والدین کے ساتھ زور زبردستی سے پیش آنے کے بجائے ان کے تحفظات دور کئے جائینگے، والدین سے اپیل کرتے ہیں کہ پیر کے دن سے شروع ہونے والے مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر ان کا مستقبل محفوظ بنائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں پولیو مہم کے افتتاح کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے دوران کیا اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فیاض خان،ڈسٹرکٹ کمیونیکیشن سپورٹ آفیسر کامران خان،ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر کامران کمال،ڈاکٹر عارف ڈاکٹر جاوید،ڈاکٹر اعجاز خان اور محکمہ صحت کے دیگر افسران نے شرکت کی،اس موقع پر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر باقاعدہ طور پولیو مہم کا افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع ناظمٰ کا کہنا تھا کہ کسی کو بچوں کو مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دینگے آنیوا لے پولیو مہم کے دوران جن بچوں کے والدین کے ذہنوں میں شکوک و شبہات پائے جاتے ان کو ہر طریقے سے دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی تاکہ کو ئی بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے اور ان کے مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔ صوبے میں بڑھتے ہوئے پولیو کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلع ناظم کا کہنا تھا کہ حال ہی میں چارسدہ میں آنے والے پولیو کیس سے ثابت ہو تا ہے کہ یہاں پر بھی پولیو وائرس موجود ہے اس لئے ہمیں ماضی کے برعکس زیادہ محتاظ رہنے اور موثر انداز میں پولیو مہم چلانے کی ضروت ہے جس کے لئے محکمہ صحت کے پولیو ٹیموں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی جائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے والدین سے درخواست کی کہ وہ افواہو ں پر کان نہ دھرے اور آنے والے پولیو مہم میں اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -