پولیس کلین اینڈ گرین مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، آئی جی پنجاب

پولیس کلین اینڈ گرین مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، آئی جی پنجاب

  

لاہور(کرائم رپورٹر)آ ئی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس ماحولیات کی بہتری کیلئے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے اور اس سلسلے میں باقاعدہ شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کے تحت اب پنجاب پولیس نہ صرف عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے سماج دشمن عناصر کے خلاف جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کر رہی ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ شہریوں کی سہولیات اور مسائل کے حل کے لئے بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شجر کاری مہم کے ساتھ ساتھ پنجاب پولیس صوبہ بھر میں سیلابی علاقوں میں بھی امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے اور شہریوں کو محفوظ مقامات تک منتقل کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے کیا۔مزید براں کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ پولیس کو جدید بنیادوں پر اخلاقی اور عصری تربیت کی فراہمی میری اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کیلئے عصر حاضر کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب پولیس کے نصاب کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اورپولیس کے اپ گریڈ نصاب میں خصوصی طور پر اخلاقیات اور پبلک ڈیلنگ کے ماڈیولز شامل کئے گئے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کمیونٹی پولیسنگ کی بنیاد رکھی جا چکی ہے اور پنجاب پولیس کے ہر افسر و اہلکار پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ اپنے رویہ، اچھے اخلاق اور فرض شناسی کی بدولت کمیونٹی کی مدد کرتے ہوئے محکمہ کی عزت و وقار میں اضافہ کا باعث بنیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ  ٹرینرز اپنے زیر تربیت افسران و اہلکاروں کو کمیونٹی پولیسنگ کی اہمیت سے آگاہ کریں اور ان پر  واضح کریں کہ فرائض کی انجام دہی کے دوران شہریوں کی سہولیات کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے کیونکہ پولیس کا زیادہ تر رابطہ قانون پسند شہریوں کے ساتھ ہوتا ہے اور اگر دوران ڈیوٹی ایک افسر سو افراد کو چیک کرتا ہے تو ان میں سے لگ بھگ 95 افراد وہی قانون پسند شہری ہوتے ہیں جن کی جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کے لئے چیکنگ کا عمل یقینی بنایا جاتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس ٹریننگ کالج لاہور میں پنجاب پولیس کے تربیتی نصاب ”ڈی کورس“کی پہلی کتاب کی تقریب رونمائی کے موقع پر کیا۔

مزید :

علاقائی -