معاشرے میں بین العقائد ہم آہنگی کا قیام وقت کی ضرورت،سی سی پی او 

معاشرے میں بین العقائد ہم آہنگی کا قیام وقت کی ضرورت،سی سی پی او 

  

لاہور(کرائم رپورٹر) سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے کہا ہے کہ ملی اتحاد کی طاقت سے دنیا کو دکھانا ہے کہ ہم سب ایک ہیں۔ محرم الحرام میں بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کیلئے علما اور مشائخ اپنا مثبت کردار ادا کریں۔معاشرے میں بین العقائد ہم آہنگی کا قیام وقت کی ضرورت ہے، فرقہ ورانہ تقاریر، لاؤڈ سپیکر کے خلاف قانون استعمال سے گریز کیا جائے۔ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں محرم الحرام کے سلسلے میں ضلعی امن کمیٹی لاہور کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دشمن ہماری صفوں میں دراڑ ڈالنے کی مذموم کوشش کر سکتا ہے۔ ہمیں دشمن کی کسی بھی ایسے سازش اور ناپاک ارادوں کو مل کر ناکام بنانا ہے۔ اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن انعام وحید، سی ٹی او ملک لیاقت اور ایس ایس پیز نے شرکت کی۔ پیر عثمان نوری، لیاقت صدیقی، مولانا شریف الدین، شکیل الرحمان ناصر، حافظ بابر رحیمی، خواجہ بشارت کربلائی، توقیر حسین بابا، آغا شاہ حسین قزلباش، حافظ کاظم رضا نقوی، مشتاق حسین جعفری سمیت کمیٹی کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔ بی اے ناصر نے کہا کہ امن و سلامتی کیلئے علما کی مثبت تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق احمد خان نے کہا کہ پولیس امن کمیٹی کے ارکان کے ساتھ موثر رابطہ رکھے گی۔عاشورہ سمیت محرم کے تمام پروگراموں کا پرامن انعقاد یقینی بنانے کے لئے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

مزید :

علاقائی -