بھارت سے مذاکرات کا کوئی شوق نہیں، منہ توڑ جواب دینگے،گورنر پنجاب

  بھارت سے مذاکرات کا کوئی شوق نہیں، منہ توڑ جواب دینگے،گورنر پنجاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ پاکستان کو بھارت سے مذاکرات کا کوئی شوق نہیں۔کشمیر یوں کی حمایت کیلئے آخری حد تک بھی جانے کو تیار ہیں۔ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثر یت کو اقلیت میں بدلنے کیلئے بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کے ایجنڈے پر کام کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں نے آنکھیں نہ کھولیں تو آنیوالی تباہی کے یہ بھی ذمہ دار ہوں گے۔ ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کیخلاف بھارتی لابی کا منصوبہ ناکام ہو چکا ہے۔ آج ایشیا پیسفک گروپ کے تمام ممالک منی لانڈرنگ کے خاتمے اور دیگر تمام اہداف کیلئے پاکستانی حکومت کے اقدام پراعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔کر پشن کو جڑ سے ختم کرنے کے اپنے فیصلے سے حکومت ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ وہ جمعرات کے روز مقامی ہوٹل میں تقریب میں شر کت کے بعد میڈیا سے گفتگو اور گور نر ہاؤس لاہورمیں بر طانوی کونسلر اصغر جاوید علی سمیت دیگر کی قیادت میں ملاقات کر نیوالے بر طانوی وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستا ن نے ہمیشہ بھارت کو مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کر نے کی دعوت دی مگر بدقسمتی سے بھارت اس کو ہماری کمزور سمجھتا رہا ہے لیکن حکومت اور افواج پاکستان طے کر چکی ہے کہ بھارت کو ہر محاذپر منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف سازش اور دشمنی کا کوئی موقعہ ہاتھ سے نہیں جانا دیتا مگر سفارتی اورعسکری سمیت ہر محاذپر پاکستان نے اپنی کامیاب پالیسوں کے ذریعے بھارت کو شکست دی ہے اور اب ایف اے ٹی ایف میں بھی پاکستان نے بھارت کے منصوبے کو ناکام بنادیا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کو کسی قسم کے سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنا رہی ہم صرف شفاف اور احتساب کی با ت کر رہے ہیں۔
گورنر پنجاب

مزید :

صفحہ آخر -