متحدہ امارات کے سفیر کی ملاقات، گوادر خطے کی ترقی اور سرمایہ کاری کا بہترین مرکز بن چکا: صادق سنجرانی 

متحدہ امارات کے سفیر کی ملاقات، گوادر خطے کی ترقی اور سرمایہ کاری کا بہترین ...

  

اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہاہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تاریخی سماجی اور ثقافتی تعلقات ہیں جن کو مزید مستحکم بنانے کیلئے مربوط مشترکہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملاقات کے دوران چیئر مین سینیٹ کے دورہ متحدہ عرب امارات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ملکوں کے معابین پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے پہلے سے موجود برادرانہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ وہ متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران اس سلسلے میں سینئر قیادت سے گفتگو کریں گے۔پروگرام کے مطابق چیئرمین سینیٹ 25 سے 28 اگست کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کریں گے۔چیئرمین سینٹ کو اس دورے کی دعوت متحدہ عرب امارات کی حکومت نے دی ہے۔اس اہم دورے کے دوران چیئرمین سینٹ اور پارلیمانی وفد متحدہ عرب امارات کی اعلیٰ سیاسی قیادت اور حکومتی سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس دورے کا مقصد دونوں برادر اسلامی ملکوں کے درمیان سیاسی، سماجی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ کیلئے پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ کشمیر میں بھارتی مظالم اور جارحیت کے نتیجے میں علاقائی امن کو درپیش خطرات سے متحدہ عرب امارات کی قیادت کو آگاہ کرنا اور امن کے قیام میں پاکستان کی کوششوں کو اْجاگر کرنا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ گوادر خطے کی ترقی اور سرمایہ کاری کا بہترین مرکز بن چکا ہے اس کی افادیت سے متحدہ عرب امارات اور دیگر علاقائی ممالک کو بھر پور فائدہ اٹھانا چاہئے۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایوان بالاکے سربراہ کا متحدہ عرب امارات کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اعلیٰ قیادت اس دورے کی منتظر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں تاریخی ثقافتی اور مذہبی روابط کو بروکار لاتے ہوئے علاقائی ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے کے لئے مشترکہ کوششیں کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ہم دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مستحکم بنانا چاہتے ہیں۔

صادق سنجرانی 

مزید :

صفحہ آخر -