پنجاب، محکمہ لائیو سٹاک کے 13اضلاع میں 96فلڈریلیف کیمپس قائم

  پنجاب، محکمہ لائیو سٹاک کے 13اضلاع میں 96فلڈریلیف کیمپس قائم

  

لاہور (فلم رپورٹر) صو بہ بھر میں سیلابی صورت حال کے پیش نظر محکمہ لائیوسٹاک نے پنجاب کے 13اضلاع میں 96  فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دئیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ضلع قصور میں 14، ملتان میں 5، لودھراں 7،وہاڑی 12،بہاولپور11، بہاولنگر 15، پاکپتن شریف8، اوکاڑہ5، جھنگ1، ڈیرہ غازی خان 7، راجن پور7، مظفر گڑھ1اور لیہ میں 3فلڈ ریلیف کیمپس قائم کیے جاچکے ہیں۔ان اضلاع میں حکومت نے حفاظتی انتظامات اور جانوروں کو بیماریوں سے بچانے کے لیے تمام ضروری ادویات اور آلات سے مزین موبائل ویٹرنری ڈسپنسریزکو بھی متحرک کر دیا ہے۔محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈیویلپمنٹ کا عملہ نہایت مستعدی سے سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف آپریشن میں اپنی ذمہ داری سر انجام دے رہا ہے۔ محکمہ لائیوسٹاک پنجاب کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے اور جانوروں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے مویشیوں کو حفاظتی ٹیکے لگا چکا ہے۔یاد رہے کہ گذشتہ روز صوبائی وزیر لائیوسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک سیلاب سے متاثرہ ضلع قصور کے دیہات کا تفصیلی دورہ کرچکے ہیں۔صوبائی وزیر لائیوسٹاک نے ضلع قصور میں قائم فلڈ ریلیف کیمپس میں جانوروں کی ادویات، حفاظتی ٹیکہ جات اور دیگر سامان کی کوالٹی اوردستیابی کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ سہولیات کی لائیوسٹاک فارمرز کو دستیابی کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔سیلابی علاقہ کا وزٹ کرتے ہوئے صوبائی وزیر فلڈ ریلیف کیمپس میں موجود عملہ سے بھی ملے اور ریلیف آپریشن کے دوران پیش آنے والی مشکلات بارے دریافت کیا۔حکومتی کاوشوں سے سیلابی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں اور اُن کے مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔محکمہ لائیوسٹاک مصیبت کی ہر گھڑی میں عوام کی مدد کے لیے تیار کھڑاہے۔

فلڈ کیمپ

مزید :

صفحہ آخر -