زبانی جمع خرچ لاحاصل، حکومت کشمیریوں کی آزادی کیلئے عملی قدم اٹھائے: فضل الرحمن 

  زبانی جمع خرچ لاحاصل، حکومت کشمیریوں کی آزادی کیلئے عملی قدم اٹھائے: فضل ...

  

لاہور (آن لائن) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر زبانی جمع خرچ سے کچھ نہیں ہو گا۔ مقبوضہ کشمیر کے نہتے شہریوں کی آزادی کے لئے عملی اقدامات اٹھانے ہونگے۔ حکومت نے مسئلہ کشمیر پر اب تک صرف تشہیری اقدامات اٹھائے ہیں۔ وہ گزشتہ روزاپنا ایک روزہ دورہ لاہور مکمل کرنے کے بعد کراچی روانہ ہوگئے۔اپنے ایک روزہ دورہ لاہورپر انہوں نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کی عیادت کی۔ سمن آباد میں مقیم پارٹی رہنما سے ملاقات کی اور لاہور کے ایک مقامی نجی ہسپتال میں اپنا طبی معائنہ کروایا۔ اپنے دورہ لاہور کے موقعہ پر مولانا فضل الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب مسئلہ کشمیر کشمیریوں کے ہاتھ میں ہے وہ جو بھی فیصلہ کریں گے ہم ان کے ساتھ کھڑے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہم مقبوضہ کشمیر کا دارالحکومت سری نگر بچانے کے لئے سوچتے تھے مگر اب ہم آزاد کشمیر کو بچانے کے لئے سوچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا  مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کی رہبر کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ جس میں حکومت کے خلاف متفقہ حکمت عملی طے کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسلام آباد نہیں جانا چاہتے لیکن اگر ملک کی سیاسی قیادت کے خلاف حکومت کی کارروائیاں اسی طرح جاری رہیں تو ہم پھر کوئی بھی فیصلہ کرنے پر حق بجانب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران ملک  کی سیاسی قیادت کے خلاف انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے۔ جس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جا رہا ہے۔

فضل الرحمن

مزید :

صفحہ آخر -