ملکی معیشت کی بہتری کیلئے حکومتی اقدامات کے ثمرات ظاہر ہونے لگے: فردوس عاشق

    ملکی معیشت کی بہتری کیلئے حکومتی اقدامات کے ثمرات ظاہر ہونے لگے: فردوس ...

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ قوم کو معاشی محاذ پر خوشخبریاں ملنا شروع ہوگئی ہیں،مالی سال 2018میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جو 2.1ارب ڈالر تھا وہ کم ہو کر 579ملین ڈالر پر آ گیا ہے،جو چار سال میں کم ترین خسارہ ہے،برآمدات و ترسیلات زر میں اضافہ اور درآمدات میں نمایاں کمی حکومتی درست پالیسیوں کا ثبوت ہے۔ایک ٹوئٹر پیغام میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مالی سال 2020میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں مزید 44 فیصدکمی متوقع ہے جس سے افراط زر میں کمی اور ملکی معیشت توانا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ برآمدات و ترسیلات زر میں اضافہ اور درآمدات میں نمایاں کمی حکومتی درست پالیسیوں کا ثبوت ہے،ترسیلات زر میں اضافہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا حکومتی معاشی اصلاحات پر اعتماد کا اظہار ہے۔ یہ ثبوت ہے کہ معاشی محاذ پر حکومتی مشکل فیصلے درست سمت میں صحیح قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ انشا اللہ اس کے فوائد عوام تک جلد پہنچیں گے.آنے والے ماہ و سال ملک و قوم کے لئے مزید خوشخبریاں لائیں گے۔ پاکستان عمران خان کی قیادت میں قومی ترقی اور خوشحالی کی منزل حاصل کر کے رہے گا۔ علاوہ ازیں میڈیا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت کی انتہاء پسند سوچ نے مقبوضہ کشمیر کو مذموم مقاصد کیلئے جکڑ رکھا ہے،مودی سرکار کے مظالم سے تنگ آ کر نوجوان برہان وانی بن رہے ہیں، کشمیر کا بچہ بچہ وانی بن کر جدوجہد آزادی کشمیرکیلئے آگے بڑھ رہا ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوان سوشل میڈیا پر مقبوضہ کشمیر کے جوانوں کی بھرپور حمایت کریں، ہم نے کشمیری عوام سے مکمل اظہار یکجہتی کرنا ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ موجودہ حکومت میڈیا کی آزادی پر کامل یقین رکھتی ہے، پاکستان کے میڈیا کا مستقبل میں اہم کردار ہو گا۔ انہوں نے نوجوان صحافیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قومی کاز ہم سب کی پہچان ہے، ہم سب  مل کر روشن پاکستان کی تعمیر کریں گے۔بعدازاں  پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی تقریر پر رد عمل کا اظہار کر تے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلاول بھٹواپنی اور پارٹی رہنماؤں کی کرپشن بچانے کیلئے کشمیر کاز کا سہارا نہ لیں،نئے پاکستان میں سب پر قانون کا یکساں اطلاق ہو گا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ بلاول صاحب! کٹھ پتلی وزراء اعظم کو آپ کے ابو ریموٹ کے ذریعے کنٹرول کیا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ غیرت مند اور عظیم کشمیری حق خود ارادیت کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے دے رہے ہیں لہٰذا بھٹو اور شریف خاندان اپنی کرپشن بچانے کے لیے قومی کاز کو تو بخش دیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے حوالے سے میاں صاحب کو جیل میں جا کر ملیں اور ان سے سوال کریں جنہوں نے اپنے دور میں آپ کی والدہ ماجدہ،نانی پر مقدمات بنائے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ نیب کو برا کہنے والے بتائیں نیب چیئرمین کا تقررکس نے کیا تھا؟مسئلہ نیب اور قانون کا نہیں کرتوتوں کا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھٹو کے وژن سے غداری بھٹو ازم پر کرپشن کا داغ  لگانے والوں نے کی۔انہوں نے کہا کہ آپ کے والد اور پھوپھو قانون کی گرفت میں ہیں اور نئے پاکستان میں قانون سے کوئی بالاتر نہیں۔ 

فردوس عاشق اعوان

مزید :

صفحہ اول -