گراں فروش اور ذخیرہ اندوز کسی رعایت کے مستحق نہیں، اسلم اقبال

گراں فروش اور ذخیرہ اندوز کسی رعایت کے مستحق نہیں، اسلم اقبال

  

لاہور(فلم رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہاہے کہ چند ٹکوں کی خاطر غریب عوام کا استحصال کرنے والوں کی جگہ جیل ہے۔مزید وقت ضائع کئے بغیرفیلڈ میں نکل کر قوانین پر عملدرآمد یقینی بناناہوگا۔گراں فروش اور ذخیرہ اندوز کسی رعایت کے مستحق نہیں اوران سے آہنی ہاتھوں سے نپٹیں گے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیرصدارت گزشتہ روزپرائس کنٹرول کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعلیٰ آفس میں ہونے والے اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔صوبائی وزراء نعمان اختر لنگڑیال، سمیع اللہ چوہدری، ترجمان پنجاب حکومت ڈاکٹر شہبازگل، محمد اکرم چوہدری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریزنے اجلاس میں شرکت کی جبکہ صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔پرائس کنٹرول کمیٹی نے چینی کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے پر تشویش کااظہار کیا اوراجلاس میں ذخیرہ اندوزوں، ناجائزمنافع خوروں اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیاگیا۔اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے تعین،مانیٹرنگ، پرائس کنٹرول میکانزم کو بہتربنانے، مارکیٹ کمیٹیوں اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کوپوری طرح متحرک کرنے کے حوالے مختلف تجاویزکا جائزہ لیاگیا۔سیکرٹری صنعت و تجارت طاہرخورشید نے صوبے بھرمیں چینی، آٹے، گھی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔سیکرٹری صنعت نے روٹی اور نان کی موجودہ قیمتوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس، مارکیٹ کمیٹیوں کے افسران اور متعلقہ ادارے اپنے فرائض تندہی سے سرانجام دیں۔صوبائی وزیر نے کہاکہ منڈیوں اور ہول سیل مارکیٹوں میں نیلامی کے عمل کی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مانیٹرنگ کی جائے۔انہوں نے کہاکہ مارکیٹ کمیٹیوں کے سسٹم کو متحرک اور فعال بنانے کی ضرورت ہے اوراشیائے ضروریہ کا مؤثر پرائس میکانزم بناکر آگے بڑھنا ہوگا۔

اسلم اقبال

مزید :

صفحہ اول -