پلاسٹک بیگز پابندی، دکانوں پر چھاپے بند کئے جائیں: راولپنڈی چیمبر 

    پلاسٹک بیگز پابندی، دکانوں پر چھاپے بند کئے جائیں: راولپنڈی چیمبر 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی (کامرس ڈیسک)راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ملک شاہد سلیم نے کہا ہے کہ پلاسٹک بیگز پابندی  اور چیکنگ کے نام پر دکانوں اور ہوٹلوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، سرکاری عملے کی جانب سے تاجروں کو ہراساں کرنے کی شکایات آ رہی ہیں۔ سرکاری عملہ دکان و ہوٹل  مالکان  کے ساتھ بدتمیزی کے ساتھ پیش آ رہا ہے۔ چیمبر میں تاجرو ں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محکمہ موحولیات کی جانب سے ایک مقامی ریسٹورنٹ پر پلاسٹک بیگ کے استعمال کی چیکنگ کے موقع پر ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے ساتھ مل کر معاملے کو افہام و تفہیم کے ساتھ حل کیا گیا تاہم بعد میں معافی نامہ کو سوشل میڈیا پر وائرل کر دیا گیا۔ جس سے نا صرف ریسٹورنٹ کی شہرت کونقصان پہنچا بلکہ تاجر و عملے کی تضحیک بھی ہوئی۔چیمبر محکمہ ماحولیات کے اس رویے کی سخت مذمت کرتا ہے،انہوں نے کہا کہ تاجربرادری ماحول دوست پلاسٹک بیگز کے استعمال پر کاربند ہے مختلف شہروں میں پولی تھین بیگز پر پابندی خوش آئند ہے تاہم حکومت اور متعلقہ محکموں کو متبادل پلان کے ساتھ ساتھ آ گہی مہم کی بھی ضرورت ہے۔  صدر چیمبر نے کہا کہ ماحول صاف رکھنے کے لیے ری سائیکل پلانٹس لگائے جائیں۔ از خود تحلیل ہونے والا پلاسٹک بیگ کا استعمال عام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت زمینی حقائق کا ادراک کرتے ہوئے کاروباری مراکز پر چھاپوں کا سلسلہ بند کرے، ماحول دوست اقدامات کے لیے چیمبر آف کامرس اور انجمن تاجران کے ساتھ مل کر تجاویز لی جائیں۔

مزید :

کامرس -