بھارت مقبوضہ کشمیر میں فالس فلیگ آپریشن کر سکتا ہے: شاہ محمود قریشی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت دہشت گردی کا جھوٹا ناٹک رچانا چاہتا ہے اس لئے بھارتی میڈیا 100 کے لگ بھگ دہشت گرد داخل ہونے کا جھوٹا پروپیگنڈا کر رہا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں فالس فلیگ آپریشن کر سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت آج مقبوضہ کشمیر میں عوامی احتجاج کو طاقت سے روکنے کی کوشش کرے گا جس دوران خون خرابے کا خدشہ ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کا کوئی واقعہ ہوا تو بھارت پاکستان پر انگلیاں اٹھا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں عوام کو اشیائے خورونوش اور دواؤں تک رسائی نہیں، دنیا کو اپنے خدشات سے آگاہ کر دیا، دنیا اس صورتحال پر خاموش نہیں رہ سکتی۔
واضح رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست سے غیر معینہ مدت تک کیلئے کرفیو نافذ کر رکھا ہے، مقبوضہ وادی میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی تعینات اور حریت اور سیاسی قیادت گھروں میں نظر بند یا جیلوں میں قید ہے۔
پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا معاملہ عالمی عدالت انصاف میں لے جانے کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ اقوام متحدہ اور امریکہ سمیت کئی ممالک مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔