تھر کوئلے سے روزانہ660میگا واٹ بجلی بنائی جاتی ہے:امتیاز شیخ
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ تھر کول پاورپلانٹ میں سو فیصد بجلی تھر کے کوئلے سے پیدا کی جا رہی ہے اور عالمی اداروں نے اس پر کسی قسم کا کوئی اعتراض نہیں کیاہے۔
سندھ اسمبلی میں محکمہ توانائی سے متعلق ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالات کا جواب دیتے ہوئےصوبائیوزیرتوانائی امتیاز شیخ کاکہناتھاکہتھرکول پاورپلانٹ میںروزانہ660میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے، کوئی رکن جاکر دیکھنا چاہے تو دکھا سکتے ہیں،وفاق اگر منصوبے کو اون کرتا تو سالانہ دس سے بارہ بلین روپے زر مبادلہ بچایا جا سکتا تھا۔اس موقع پروزیر پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے ریمارکس دئیے کہ و فاقی حکومت پر کوئی بات کرنا وقت کا ضیاع ہی ہے ،جس پر پی ٹی آئی ارکان نے شور شرابہ شروع کردیا اور مکیش کمار چاولہ اور پی ٹی آئی کے خرم شیرزمان کے درمیان نوک جھونک بھی ہوتی رہی۔ مکیش کمار نے کہا کہ حلیم عادل شیخ اینٹی کرپشن میں مطلوب ہیں اوریہ زمینوں پر قبضہ کرتے ہیں۔ امتیاز شیخ نے کہا کہ سندھ کے مسائل پر وفاقی حکومت میں ہمیں رلایا جاتا ہے، این ٹی ڈی سی سندھ کے منصوبوں کیلئے لائن نہیں بچھا رہی۔ پی ٹی آئی کی خاتون رکن ڈاکٹر سیما ضیا نے کہا کہ کہیں ایسا تو نہیں کہ کچھ غیر ملکی کمپنیاں آپ کی کرپشن کی وجہ سے جانا چاہتی ہیں جس پر امتیاز شیخ نے کہا کہ سندھ حکومت نہیں بلکہ وفاق نے پورے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، یو ٹرن کی حالت یہ ہے کہ اس پر فلم دکھائی جاسکتی ہے جس کا ہیرو کون ہوگا سب جانتے ہیں۔