(ن)لیگ ساکھ بحالی مشن،نواز شریف متحرک،جوڑ توڑ،اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں میں تیزی

  (ن)لیگ ساکھ بحالی مشن،نواز شریف متحرک،جوڑ توڑ،اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں ...

  

 لاہور (میا ں ہارون رشید) نواز شریف پارٹی کو دوبارہ فعال بنانے کیلئے متحرک ہوگئے۔ محرم کے بعد اے پی سی کا انعقاد چاہتے ہیں لیکن اس سے پہلے وہ اپنی پارٹی کو زیادہ سے زیادہ فعال کرکے اس کا دوبارہ کنٹرول حاصل کررہے ہیں۔(ن) لیگ ذرائع کے مطابق مریم اورنگزیب نے (ن) لیگ سے تعلق رکھنے والے تمام اراکین قومی اسمبلی وسینٹ اور ایم پی ایز کے رابطہ نمبرز نواز شریف کو بھجوادیئے ہیں جس کے بعد نواز شریف نے ان ارکان سے ازخودرابطوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے اور انہیں آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے از خود ہدایات بھی دے رہے ہیں۔ نوازشریف پارٹی رہنماؤں اور ارکان پارلیمنٹ کے دکھ سکھ میں بھی شامل ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ اگر کسی کا عزیز انتقال کرگیاہے تو اس پر تعزیت کرتے ہیں اور اگر کسی کی عزیز کی شادی ہے تواسے فون کرکے مبارکبادیتے ہیں۔نواز شریف کا پارٹی کے صوبائی صدور کے ساتھ بھی روزانہ کی بنیادپر رابطہ ہے اور انہیں بھی (ن) لیگ کے مستقبل کی حکمت عملی سے آگاہ کررہے ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق شہبازشریف بیمار ہونے کی وجہ سے پارٹی امور پر توجہ نہیں دے رہے تھے جبکہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بھی ان کے روابط بہت زیادہ بڑھ گئے ہیں جس کی بناء پر نواز شریف خودمتحرک ہوئے کیونکہ وہ اسٹیبلشمنٹ کیساتھ اس بار ڈیل کرنے کے موڈ میں نظر نہیں آتے۔ دوسری طرف مریم نواز سے بھی نواز شریف روزانہ اپ ڈیٹ لے رہے ہیں اور انہیں بھی ہدایات جاری کررہے ہیں تاکہ ان کی وطن واپسی سے قبل مریم نواز پارٹی کے سینئر رہنماؤں کیساتھ مل کر تقسیم اور اختلافات کو ختم کریں اور منظم طریقے سے آئندہ الیکشن کی تیاری کی جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ قائد (ن) لیگ نے اپوزیشن کی مجوزہ اے پی سی کو کامیاب بنانے کیلئے تمام اپوزیشن جماعتوں کے لیڈروں سے خود رابطے کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ (ن) لیگ کے حوالے سے ان کے تحفظات کو دور کیا جاسکے اور (ن) لیگ کی واضح پالیسی کے بارے میں ان کو آگاہ کیا جاسکے۔ 

نواز شریف متحرک

مزید :

صفحہ اول -