مجالس اور جلوسوں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کا فیصلہ

مجالس اور جلوسوں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کا فیصلہ

  

 لاہور(خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کاخصوصی اجلاس منعقد ہوا - اجلا س میں محرم الحرام کے دوران کئے جانے والے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا-وزیر اعلی عثمان بزدار نے مجالس اور جلوسوں کے لئے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مساجد، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے -وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ضابط اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے -جلوسوں اور مجالس میں کورونا ایس او پیز کو ضرور ملحوظ خاطر رکھا جائے- کورونا پر جلد مکمل قابو پا لیں گے لیکن احتیاط بے حد ضروری ہے - مجالس کے دوران ماسک کی پابندی لازمی کی جائے- ایس او پیز کی خلاف ورزی کورونا کے دوبارہ پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے -جلوسوں کے روٹ پر تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے- محرم الحرام کے دوران صوبے میں قانون کی عملداری کو ہرصورت یقینی بنایا جائے- مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور فرقہ واریت کے سدباب کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کئے جائیں -سوشل میڈیا کے ذریعے فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے- محرم الحرام میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے پاک فوج کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی-اس موقع پر محکمہ داخلہ، محکمہ صحت اورماہرین نے بریفنگ دی-  اجلاس میں کورکمانڈرلاہورلیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان، جی او سی 10 ڈویژن میجرجنرل محمد انیق الرحمن، ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد عامر مجیداور دیگر عسکری حکام نے شرکت کی جبکہ صوبائی وزراء راجہ بشارت، ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس، پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیر اعلی، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر،سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، پروفیسر میاں محمد اویس، پروفیسر ڈاکٹر سائرہ افضل اور دیگر حکام بھی شریک تھے- سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ چیلنجز ہیں مگر تمام مسائل حل کر کے عوام کے پاس جائیں گے - وزیر اعلی عثمان بزدار نے بتایا کہ مہنگائی کم کرناہماری حکومت کی ترجیحات میں اولین ہے کیونکہ ہم اپنی عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں -عثمان بزدار نے مزید کہا کہ مشکل حالات میں حکومت سنبھالی مگر حوصلہ نہیں ہارا -وزیر اعلی نے کہا کہ حالات اب بہتری کی طرف گامزن ہیں کوئی پریشانی کی بات نہیں -انہوں نے کہا کہ پنجاب بدل رہا ہے اور عوام کے لئے خوشخبریوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے-وزیر اعلی نے عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب کو ترقی کے عروج پر لے جانا میرا مشن ہے۔

 عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -