بارشوں کے بعد جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر، خالی پلاٹ تالاب بن گئے: ڈینگی پھیلنے کا خدشہ 

بارشوں کے بعد جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر، خالی پلاٹ تالاب بن گئے: ڈینگی پھیلنے کا ...

  

لاہور (جاوید اقبال)صوبائی دارالحکومت  میں حالیہ بارشوں کے بعد صفائی کا نظام درست نہیں ہو سکا،ہر طرف کوڑا کرکٹ اور غلاظت گندگی پھیلی ہوئی ہے دوسری طرف شہر میں اور خصوصاً پرائیویٹ ہاؤسنگ اسکیموں میں موجود خالی پلاٹوں سے پانی نہیں نکالا جاسکا جس کے باعث ان علاقوں میں بیماریاں اور خصوصا ڈینگی مچھر پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ پورے اقبال ٹاؤن مصطفی ٹاؤن،وحدت روڈ تاجپورہ،جوہر ٹاؤن،کنال بینک واپڈا ٹاؤن ویلنشیا،پی آئی اے سوسائٹی،کوآپریٹو ہاوسنگ سکیم، بحریہ ٹاؤن سمیت سینکڑوں کی تعداد میں آبادیاں ایسی ہیں جہاں پانی تا حال جمع ہے اور مچھر پیدا ہو رہے ہیں دوسری طرح شہر کی پسماندہ آبادیوں میں ہر طرف کیچڑ پھیلا ہوا ہے اس صورتحال سے شہریوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔دوسری طرف صوبائی دارالحکومت میں صفائی کا نظام بہتر نہیں ہو سکا، اس حوالے سے واساکے مینیجنگ ڈائریکٹر سید زاہد عزیز سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ پورا شہر پانی سے خالی ہوچکا ہے بارش  کے ٹھیک 12 گھنٹوں کے اندر پورے شہر سے پانی نکال دیا گیا تاہم پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز جن کے خالی پلاٹوں میں پانی جمع ہے یہ پانی نکالنا ان سوسائٹیوں کی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ان کے خلاف ایکشن لیں گے،زاہد عزیزنے کہا کہ اس کا فوری طور پر نوٹس لے لیا گیا ہے ان سوسائٹیوں کی انتظامیہ کو نوٹس جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ واسا کی ٹیمیں دن رات شہر میں کام کر رہی ہیں اور اس کے100فیصد نتائج قوم کے سامنے ہیں اس حوالے سے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ایم ڈی سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ  ہم نے بارشوں میں زیرو ویسٹ آپریشن شروع کر رکھا ہے میں شہریوں سے درخواست کرتا ہوں کہ جہاں صفائی کے ناقص انتظامات دیکھیں وہ فوری طور پر ہمارے شکایات سیل پر ایک کال کریں فوری ایکشن لیا جائے گا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -