سیاحتی مقامات پر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا فیصلہ خوش آئند ہے،آصف محمود
لاہور(جنرل رپورٹر)مشیر وزیراعلیٰ برائے سیاحت آصف محمود نے کہا کہ محکمہ سیاحت کو کورونا کے اثرات سے نکالنے کیلئے جنگی اقدامات کرنا ہوں گے۔ سیاحتی مقامات پر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا فیصلہ خوش آئند ہے جس سے سیاحتی مقامات کی ترقی اور زیادہ سہولتوں کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہر ہفتے چیف سیکرٹری کے ساتھ مشترکہ اجلاس میں پنجاب میں شعبہ سیاحت میں پیشرفت کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔ ان اجلاسوں میں اضلاع سے بھی متعلقہ افسر بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوں گے۔ مشیر سیاحت نے کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی سیاحت کو صحیح معنوں میں انڈسٹری میں تبدیل کرنا ہوگا۔ پنجاب میں تاریخی مقامات کی بہت بڑی تعداد موجود ہے۔ محکمہ سیاحت جامع حکمت عملی کے تحت تاریخی مقامات میں سیاحت کے فروغ پر توجہ دے رہا ہے۔ ضروری نہیں کہ صرف قدرتی حسن والے مقامات کی سیاحت ہو بلکہ نئے سیاحتی سپاٹ بھی تیار کئے جائیں گے۔
۔ صوبے میں نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔ صوبائی محکموں کے سرکاری ریسٹ ہاؤسز کے مثبت استعمال کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ آصف محمود نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے وژن کے مطابق شعبہ سیاحت کی ترقی کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب (ٹی ڈی سی پی) کی 13پراپرٹیز کو لیز پر دینے سے سیاحتوں کیلئے سہولتوں میں اضافہ ہوگا۔