اسلامی نظام ہی مسائل کا حل،اصل اپوزیشن جماعت اسلامی،تحریک بھی ہم ہی چلائیں گے:سراج الحق

   اسلامی نظام ہی مسائل کا حل،اصل اپوزیشن جماعت اسلامی،تحریک بھی ہم ہی ...

  

 اسلام آباد(این این آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ حقیقی اپوزیشن ہیں نہ وہ تحریک چلانے کی پوزیشن میں ہیں۔اصل اپوزیشن جماعت اسلامی ہے اور تحریک بھی جماعت اسلامی ہی چلائے گی۔سابقہ او رموجودہ حکمران پارٹیاں آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی میں راضی ہیں۔یہ لڑے بغیر شکست قبول کرتی اورغلامی کی زنجیروں کو اپنا زیور سمجھتی ہیں۔ان پارٹیوں کو اس کوڑے سے بھی محبت ہوگئی ہے جو سال سال سے ان پر برس رہا ہے مگر ان کی غیرت و حمیت مرچکی ہے۔یہ قوم کو بھی غلامی کے ان اندھیروں میں دھکیلنا چاہتے ہیں جن کے یہ عادی ہوچکے ہیں،اب انہیں دن کی روشنی سے خوف آتا ہے۔ پی ٹی آئی کے پیش کردہ بل پیپلز پارٹی اور ن لیگ پاس کرواتی ہے۔یہ ایک ہی استعماری اور استحصالی نظام کی پیدا وار ہیں اور ظلم و جبر کے اسی نظام کو مسلط رکھنا چاہتی ہیں۔کرپشن اور مس مینجمنٹ پر قابو پالیا جائے تو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے قرضوں کی ضرورت نہیں رہے گی۔ وزیر اعظم نے جتنی بار ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کا ورد کیا اتنی بار اللہ کا نام لیا ہوتا تو یہ مسائل ختم ہوسکتے تھے۔ اگر ہمارے پاس قرآن و سنت کا متبادل نظام ہے۔ملک میں نظام مصطفی ؐنافذ ہوجائے تو غربت،مہنگائی،بے روز گاری اور بدامنی ختم ہوجائے گی اور عدل و انصاف کا بول بالا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مری میں شمولیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مری کے سینکڑوں لوگوں نے سابقہ اور موجودہ حکمران پارٹیوں سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کرلی۔ کنونشن سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم،امیر شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم اور امیر تحصیل مری امتیاز عباسی نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی میں شامل ہونے والے مری کے غیرت مندوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

سراج الحق 

مزید :

صفحہ آخر -